راولپنڈی۔25اکتوبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے روز اذان اویس، رمیز عزیز، سیف اللہ بنگش اور حسن رضا نے شاندار سنچریاں سکور کیں جبکہ اطہر محمود نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی سی بی کے مطابق بہاولپور کی ٹیم ملتان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 501 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سیف اللہ بنگش نے 18 چوکوں کی مدد سے 119 رنز کی …
قائد اعظم ٹرافی چوتھامرحلہ، اذان اویس، رمیز عزیز، سیف اللہ بنگش اور حسن رضا کی شاندار سنچریاں ، اطہر محمود کی پانچ وکٹیں

مزید خبریں
راولپنڈی۔25اکتوبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے روز اذان اویس، رمیز عزیز، سیف اللہ بنگش اور حسن رضا نے شاندار سنچریاں سکور کیں جبکہ اطہر محمود نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی سی بی کے مطابق بہاولپور کی ٹیم ملتان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 501 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سیف اللہ بنگش نے 18 چوکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں عمران رندھاوا 75، سعد خان 74، محمد عمار 71 اور محمد شہریار 69 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کاشف علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملتان نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 111 رنز بنا لیے۔ کراچی بلوز کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 424 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ رمیز عزیز نے 102 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عمیر بن یوسف نے 73، دانش عزیز نے 51 اور عثمان رحیم نے 52 رنز بنائے۔ لاہور وائٹس کی جانب سے عبید شاہ اور حسیب الرحمن نے چار ، چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لاہور وائٹس نے 2 وکٹوں پر 215 رنز بنا لیے، عمر صدیق 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ علی زریاب آصف 76 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پشاور نے ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز 448 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ اسرار اللہ نے 117 اور معاذ صداقت نے 114 رنز بنائے۔ عاقب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
دن کے اختتام پر ایبٹ آباد نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا لیے، زین اسحاق 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ نیاز خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد کی ٹیم فاٹا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 462 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حسن رضا نے 25 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فہم الحق نے 78 اور عاصم علی ناصر نے 67 رنز بنائے۔ ارشد اللہ اور عاکف جاوید نے چار ، چار وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں فاٹا نے 2 وکٹوں پر 10 رنز بنائے تھے۔
سیالکوٹ کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 407 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اذان اویس نے 134 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 17 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ جواب میں اسلام آباد کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سرمد بھٹی 82 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اطہر محمود نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں سیالکوٹ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنا لیے۔








