تافتان بارڈر پر جعلی دستاویزات کے ذریعے بلٹ پروف آٹوموٹیو گلاس کلیئر کرنے کی کوشش ناکام

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):کلکٹوریٹ آف کسٹمز (ایپریزل) تافتان نے جعلی دستاویزات اور وزارت داخلہ کے حقیقی این او سی کے غلط استعمال کے ذریعے بلٹ پروف آٹوموٹیو گلاس کلیئر کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ایف بی آر کی جانب سے بدھ کویہاں جاری بیان کے مطابق 27ستمبر2025ء کو کمپنی میسرز پاک آرمرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (NTN 3111342) کی جانب سے ایک گڈز ڈیکلریشن اس کے کلیئرنگ ایجنٹ میسرز نور …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):کلکٹوریٹ آف کسٹمز (ایپریزل) تافتان نے جعلی دستاویزات اور وزارت داخلہ کے حقیقی این او سی کے غلط استعمال کے ذریعے بلٹ پروف آٹوموٹیو گلاس کلیئر کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ایف بی آر کی جانب سے بدھ کویہاں جاری بیان کے مطابق 27ستمبر2025ء کو کمپنی میسرز پاک آرمرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (NTN 3111342) کی جانب سے ایک گڈز ڈیکلریشن اس کے کلیئرنگ ایجنٹ میسرز نور بیکرز کے ذریعے دائر کیا گیا جس میں کارگو کوری پلیسمنٹ آٹو موٹیو سیفٹی گلاس کے طور پر ظاہر کیا گیا تاہم جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ مال دراصل بلٹ پروف آٹوموٹیو سیفٹی گلاس پر مشتمل تھا جس کا خالص وزن 11,000 کلوگرام تھا اور جو پی ٹی سی ہیڈنگ 7007.2111 کے تحت آتا ہے یہ ایک ممنوعہ شے ہے جس کی درآمد صرف وزارت داخلہ کے این او سی سے مشروط ہے۔

تصدیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ پیش کیا گیا این او سی اصلی تھا لیکن وہ دراصل کمپنی میسرزپاک آرمرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (NTN 398348-1) کے نام پر جاری ہوا تھا جس نے اس کھیپ سے کسی قسم کے تعلق کی تردید کی۔ درحقیقت درآمد کنندہ نے ملتی جلتی کمپنی کا نام استعمال اور پتہ تبدیل کر کے حکام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ مزید جانچ پڑتال سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ میسرز پاک آرمرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (NTN 3111342) کے مالک ہونے کے دعویدار درآمد کنندہ عمر اقبال بٹ نے وی بوک سسٹم میں ڈیلیکس انٹرپرائزز کے نام سے بھی دستاویزات اپ لوڈ کیں، غلط بیانی کے ذریعے ڈیوٹی اور ٹیکس کی چوری کا تخمینہ تقریباً 7.55 ملین روپے لگایا گیا ہے۔بیان کے مطابق کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت درآمد کنندہ، کلیئرنگ ایجنٹ اور دیگر متعلقہ افراد کے خلاف جھوٹے بیانات، جعلسازی، اور محصولات سے بچنے کی کوشش کے الزامات پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔