منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے پلاٹس کی حیثیت کی آن لائن تصدیق کے لئے جدید پورٹل کے قیام پر غور

راولپنڈی۔29اکتوبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل وقار احمد چوہان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے پلاٹس کی حیثیت کی آن لائن تصدیق کے لئے جدید پورٹل کے قیام پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی …

راولپنڈی۔29اکتوبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل وقار احمد چوہان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور ان کے پلاٹس کی حیثیت کی آن لائن تصدیق کے لئے جدید پورٹل کے قیام پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس مجوزہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لئے درکار ڈیٹا فراہم کریں، اس کی درستگی یقینی بنائیں اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔

ڈی جی نیب نے مزید ہدایت کی کہ سی ڈی اے اور آر ڈی اے دونوں ادارے ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق رقوم کے شفاف انتظام کے لئے ایسکرو اکاؤنٹس قائم کریں اور ہر منظور شدہ منصوبے کے لئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرائیں تاکہ عوام آسانی سے کسی منصوبے کی قانونی حیثیت کی تصدیق کر سکیں اور غیر منظور شدہ یا جعلی ترقیاتی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف شفافیت کو فروغ دیں گے بلکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بدعنوانی، دھوکہ دہی اور غیر قانونی ہاؤسنگ سرگرمیوں کے سدباب میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ڈی جی نیب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مجوزہ آن لائن سسٹم تمام سٹیک ہولڈرز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا بنایا جائے جو صارف دوست، محفوظ اور عوام کے لئے بروقت معلومات فراہم کرنے والا ہو۔اجلاس میں نیب، سی ڈی اے اور آر ڈی اے کے آئی ٹی ماہرین اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تکنیکی فریم ورک، ڈیٹا شیئرنگ کے طریقہ کار اور بین الادارتی تعاون کے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ منصوبے کی بروقت اور مؤثر تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔