سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، خارجی کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔30اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خارجی کمانڈر سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب باجوڑ ضلع میں سکیورٹی فورسز نے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جو پاکستان ۔افغانستان سرحد …

راولپنڈی۔30اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خارجی کمانڈر سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب باجوڑ ضلع میں سکیورٹی فورسز نے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جو پاکستان ۔افغانستان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔

پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ عین نشانے پر اور مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں چار خوارج جن میں ایک اہم خارجی رہنما امجد عرف مزاحم بھی شامل تھاواصلِ جہنم کر دیئے گئے۔ہلاک خارجی کمانڈر امجدخارجی نور ولی کا نائب اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومتِ پاکستان نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی کیونکہ وہ افغانستان میں رہتے ہوئے پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ فتنہ الخوارج کی قیادت جو افغانستان میں مقیم ہے، پاکستان میں دراندازی کی کوششیں منظم کر رہی ہےبالخصوص یہ تاثر دینے کے لیے کہ ان کی پاکستان میں موجودگی برقرار ہے اور باجوڑ و مہمند میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں سے خوارج کے گرتے ہوئے حوصلے کو بحال کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ عبوری افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹھوس اقدامات کرے تاکہ افغان سرزمین کو خارجی پراکسیز کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس مؤقف کی تصدیق کرتا ہے کہ افغان سرزمین کو فتنہ الخوارج کے خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر مضبوطی سے قائم ہیں۔علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

مزید خبریں