آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کے تحفظ، صحافیوں کی سلامتی اور میڈیا سے وابستہ افراد کے خلاف کیے جانے والے جرائم پر جوابدہی یقینی بنانا سینیٹ کی بھرپور ترجیح اور غیر متزلزل عزم ہے۔اتوار کوصحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ صحافی شفافیت، …

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کے تحفظ، صحافیوں کی سلامتی اور میڈیا سے وابستہ افراد کے خلاف کیے جانے والے جرائم پر جوابدہی یقینی بنانا سینیٹ کی بھرپور ترجیح اور غیر متزلزل عزم ہے۔اتوار کوصحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ صحافی شفافیت، جوابدہی اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے ذریعے جمہوریت کی مضبوطی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچ کی تلاش میں صحافیوں کی جرات مندی اور فرض شناسی اکثر انہیں سنگین خطرات سے دوچار کر دیتی ہے، اس لیے ان کی سلامتی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عالمی سطح پر صحافیوں کو ہراسانی، دھمکیوں اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو سزا نہ ملنا انصاف کی نفی ہے، جمہوری اداروں کو کمزور کرتا ہے اور آزادی اظہار کو خاموش کرنے کے مترادف ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا صحافیوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد اور دباؤ کے ہتھکنڈوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔

میڈیا سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے والے جرائم کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جانی چاہیے۔ آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے انسانی حقوق اور آزادی اظہار کے بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متعلقہ ریاستی اداروں، سول سوسائٹی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات کریں جن سے صحافی بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔