اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) کی 28ویں سالانہ پائیدار ترقی کانفرنس منگل 4نومبر سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی معاونت سے یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس کے ساتھ ساتھ 16ویں سائوتھ ایشیا اکنامک سمٹ ، تیسری سسٹین ایبلٹی انویسٹمنٹ ایکسپو اور UNESCAPکا نواں سائوتھ ویسٹ ایشیا سب ریجنل فورم برائے پائیدار ترقی بھی بیک وقت منعقد ہوں گے۔ …
ایس ڈی پی آئی کی 28ویں پائیدار ترقی کانفرنس 4 نومبر سے شروع ہو گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) کی 28ویں سالانہ پائیدار ترقی کانفرنس منگل 4نومبر سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی معاونت سے یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس کے ساتھ ساتھ 16ویں سائوتھ ایشیا اکنامک سمٹ ، تیسری سسٹین ایبلٹی انویسٹمنٹ ایکسپو اور UNESCAPکا نواں سائوتھ ویسٹ ایشیا سب ریجنل فورم برائے پائیدار ترقی بھی بیک وقت منعقد ہوں گے۔ کانفرنس 7 نومبر تک جاری رہے گی۔
چار روزہ کانفرنس میں 45 سے زیادہ خصوصی سیشنز منعقد کئے جائیں گے جن میں پاکستان، جنوبی ایشیا، امریکہ اور دیگر ممالک سے معزز پارلیمنٹرینز، پالیسی ساز، عالمی ماہرین، ترقیاتی اداروں کے نمائندے، سفارتکار، کاروباری رہنما اور اکیڈمک سکالرز شریک ہوں گے۔ ان سیشنز میں پائیدار مالیاتی نظام، موسمیاتی لچک پذیری، سرکلر اکانومی، کوپ-30 ، متبادل مالیاتی حکمتِ عملیاں، ماحول دوست زرعی و غذائی نظام، منصفانہ توانائی منتقلی، پاکستان میں رینیوایبل انرجی کا مستقبل، ٹیلی کام و مصنوعی ذہانت، ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، جنوبی ایشیا میں پیشگی اقدامات، پائیدار شہر، گرین سکلز، تمباکو کنٹرول اور سماجی مساوات جیسے اہم موضوعات پر بحث ہوگی۔
کانفرنس کا افتتاحی اجلاس منگل کی صبح 9 بجے ہوگا ۔افتتاحی اجلاس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال ہوں گے۔ افتتاحی تقریب میں یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ، بنگلہ دیش کی وزارتِ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کی مشیر سیدہ رضوانہ حسن اور جاپان کے انسٹیٹیوٹ فار گلوبل انوائرمنٹل سٹریٹجیز کے صدرپروفیسر کازوہیکو ٹیکوچی خطاب کریں گےجس کے بعد وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک سسٹین ایبلٹی انویسٹمنٹ ایکسپو کا افتتاح کریں گے جس میں گرین فنانس، سمارٹ موبیلٹی توانائی کے پائیدار حل اور ماحولیاتی جدتوں کی نمائش کی جائے گی۔
بعد ازاں UNESCAP کی ایگزیکٹو سیکرٹری آرمیدہ سالسیا علیسجہبانااور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر عابد قیوم سلہری ایک اعلیٰ سطح کے سٹریٹجک مکالمے کی سربراہی کریں گے جس میں ایس ڈی جیز کے تیز رفتار حصول پر گفتگو جائے گی۔پلاسٹک اور زرعی و غذائی نظام میں سرکلر مواقع کا حصول کے موضوع پراختتامی سیشن میں سیشن میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق و صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین شریک ہوں گے جبکہ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی رومینہ خورشید عالم مہمانِ اعزاز ہوں گی۔
ترجمان ایس ڈی پی آئی کے مطابق ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو بھی کانفرنس کی جامع کوریج، خصوصی انٹرویوز اور پائیدار ترقی، معیشت، موسمیاتی تبدیلی اور کلائمیٹ فنانس سے متعلق ماہرین کی تازہ ترین آراءعوام تک پہنچانے کےلئے مدعو کیا گیا ہے۔کانفرنس منتظمین نے کہا ہے کہ یہ سلسلہ پاکستان اور خطے کے لئے آئندہ سالوں کی پالیسی ترجیحات اور عملی حکمتِ عملیوں کے تعین کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا۔








