بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، انہیں ترقی کے برابر مواقع دینا وقت کی ضرورت ہے، رانا مشہود احمد خان

کوئٹہ۔ 03 نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ، جذبہ اور قابلیت موجود ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ صوبے کے ان ہونہار نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور محنت کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ بلوچستان حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ وہ کوئٹہ میں وزیر اعظم …

کوئٹہ۔ 03 نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ، جذبہ اور قابلیت موجود ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ صوبے کے ان ہونہار نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور محنت کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ بلوچستان حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ وہ کوئٹہ میں وزیر اعظم بلا سود قرضہ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر رکن اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی، پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو نادر گل بڑیچ، حکومتی نمائندے، سماجی کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جب بھی وہ بلوچستان آتے ہیں تو یہاں کے نوجوانوں کے جذبے، عزم اور حوصلے سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء قابلیت میں کسی بھی صوبے کے بچوں سے پیچھے نہیں، انہیں صرف بہتر مواقع اور وسائل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ بلوچستان کی نمائندگی اور احترام کے اظہار کے طور پر وزیر اعظم نے بلوچستان کی بیٹی کو اپنی کرسی پر بٹھا کر صوبے کو عزت بخشی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کے اگلے مرحلے میں وزیر اعظم خود کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور نوجوانوں کو لیپ ٹاپس تقسیم کریں گے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور پلیٹ فارم فراہم کر کے بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ خود اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم بلا سود قرضہ پروگرام سے فائدہ اٹھا کر اپنی زندگی کو بہتر بنائیں اور معاشی ترقی میں کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے میرٹ پر مبنی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی باصلاحیت طالب علم یا ہنرمند پیچھے نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان کا وقار دنیا میں بحال ہو چکا ہے، چین، جاپان اور کوریا جیسے ممالک پاکستانی نوجوانوں کے لیے اپنے دروازے کھول رہے ہیں۔

اس لیے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو تعلیم و ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا۔ تقریب سے پی پی اے ایف کے سی ای او نادر گل بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اب تک 93 ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف فنی تربیتیں فراہم کی جا چکی ہیں تاکہ وہ معاشرے میں باعزت روزگار کما سکیں۔ تقریب کے آغاز میں قوتِ سماعت و گویائی سے محروم بچوں نے قومی ترانہ اور ٹیبلو پیش کیا، جس میں چاروں صوبوں کی ثقافت کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے بچوں کی کارکردگی کو خوب سراہا۔