اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):فیصل ٹاؤن گروپ کے چیئرمین چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کھیل معاشرے میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور صحت و تندرستی کو فروغ دیتے ہیں۔وہ اتوار کو آئی سی سی آئی – آئی ای اے اے ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی اختتامی اور انعامات کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ یہ ایونٹ اسلام آباد چیمبر …
کھیل ٹیم ورک، نظم و ضبط اور صحت مندی کو فروغ دیتے ہیں، چوہدری عبدالمجید

مزید خبریں
اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):فیصل ٹاؤن گروپ کے چیئرمین چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کھیل معاشرے میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور صحت و تندرستی کو فروغ دیتے ہیں۔وہ اتوار کو آئی سی سی آئی – آئی ای اے اے ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی اختتامی اور انعامات کی تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
یہ ایونٹ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن (آئی ای اے اے) کے اشتراک سے منعقد ہوا، جو بھرپور جوش و جذبے اور بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔چوہدری عبدالمجید نے صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود کے ساتھ مل کر فاتح ٹیم گوندل ٹائیگرز کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر چیمپئن شپ ٹرافی اور 25 لاکھ روپے نقد انعام دیا۔
ٹورنامنٹ میں کل 24 ٹیموں نے حصہ لیا جو ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا اورکاروباری برادری و کھیلوں کے شائقین نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پرمہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں فاتح ٹیم گوندل ٹائیگرز کے لیے مزید 10 لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم گلبرگ گرینز الیون کے لیے 5 لاکھ روپے کے انعامات کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں قیادت، نظم و ضبط اور اتحاد پیدا کرتے ہیں جو قوم سازی کے لیے نہایت اہم ہیں۔انہوں نے آئی سی سی آئی اور آئی ای اے اے کو اس صحت مند اور قومی خدمت کے جذبے سے بھرپور سرگرمی کے انعقاد پر سراہا۔اس موقع پر صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے بھی معاشرے میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا جو نوجوانوں کو تعمیری مصروفیات اور کمیونٹی کو مضبوطی فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے آئی ای اے اے اور انتظامیہ کے شاندار انتظامات کو سراہا اور کھلاڑیوں کی جذبے، بہترین کارکردگی اور عمدہ کھیل کے مظاہرے کی تعریف کی۔تقریب کا اختتام اتحاد، جوش و جذبے اور اس عزم کے ساتھ ہوا کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت میں کاروبار کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھے گا۔








