راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان چریتھ اسالنکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز ہمیشہ سخت اور دلچسپ ہوتی ہے، شائقین کو مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے جس کے پاس بابر اعظم، فخر زمان جیسے بیٹر اور شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، …
پاکستان کے خلاف سیریز ہمیشہ سخت اور دلچسپ ہوتی ہے،سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان چریتھ اسالنکا

مزید خبریں
راولپنڈی۔10نومبر (اے پی پی):سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان چریتھ اسالنکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز ہمیشہ سخت اور دلچسپ ہوتی ہے، شائقین کو مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے جس کے پاس بابر اعظم، فخر زمان جیسے بیٹر اور شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، ابرار احمد جیسے بہترین باؤلرز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زمبابوے کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ہماری ٹیم پراعتماد ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے کیونکہ یہاں کی کنڈیشنز منفرد ہیں اور میزبان ٹیم کا کمبینیشن بھی بہت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر ایسے چیلنجز ہی کھیل کو مزید دلچسپ بناتے ہیں۔ سری لنکن کپتان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا مشکل ضرور ہے لیکن ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کا ماحول بہت مثبت ہے اور کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اس لیے شائقین کو معیاری اور سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ چریتھ اسالنکا نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور عوام کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں بہترین وقت گزار رہے ہیں، یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور کرکٹ کے دلدادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی گزشتہ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی جبکہ سری لنکن ٹیم نے زمبابوے کے دورے میں شاندار نتائج حاصل کیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز بہترین اور یادگار ثابت ہو گی۔ اسالنکا نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور سری لنکا مدمقابل آتے ہیں کرکٹ ہمیشہ مسابقتی ہوتی ہے اور یہی کھیل کی اصل خوبصورتی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ (کل) بروز منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔








