برسلز ۔12نومبر (اے پی پی):یورپ اور مغرب کی 30 سے زائد ریاستوں نے ایک مشترکہ بیان میں سوڈان کے شہر الفاشر میں بڑھتے ہوئے منظم تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جہاں فورسز آف ریپڈ سپورٹ کے قبضے کے بعد صورتِ حال مزید بگڑ گئی ہے۔العربیہ کے مطابق بیان میں سوڈان میں شہریوں کے خلاف ہونے والے مظالم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کی مذمت …
انسانیت کے خلاف جنگی جرائم ، 30 سے زائد ممالک کی جانب سے الفاشر کے واقعات کی مذمت

مزید خبریں
برسلز ۔12نومبر (اے پی پی):یورپ اور مغرب کی 30 سے زائد ریاستوں نے ایک مشترکہ بیان میں سوڈان کے شہر الفاشر میں بڑھتے ہوئے منظم تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جہاں فورسز آف ریپڈ سپورٹ کے قبضے کے بعد صورتِ حال مزید بگڑ گئی ہے۔العربیہ کے مطابق بیان میں سوڈان میں شہریوں کے خلاف ہونے والے مظالم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ بیان پر یورپی یونین کی بیشتر ریاستوں کے علاوہ برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے دستخط کیے ہیں۔
بیان میں ان ممالک نے کہا کہ انھیں شمالی دارفور اور کردفان میں جاری جھڑپوں اور شہری آبادی کے خلاف منظم تشدد، نسلی بنیادوں پر قتلِ عام، جنسی جرائم، بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے اور امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اطلاعات پر شدید تشویش ہے۔ بیان کے مطابق اگر یہ الزامات درست ثابت ہوئے تو یہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آئیں گے۔
بیان پر دستخط کرنے والوں میں جرمنی، اسپین، سویڈن، نیدرلینڈز، ناروے، آئرلینڈ، سلوواکیہ، آیسلینڈ، کینیڈا، بیلجیم، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔دوسری جانب سوڈانی وزیرِ خارجہ محیی الدین سالم نے بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے الفاشر اور بارا میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔اقوامِ متحدہ کے مطابق الفاشر پر قبضے کے بعد شہر میں قتلِ عام، عصمت دری، لوٹ مار اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے واقعات پیش آئے ہیں۔
سوڈانی حکومت کا کہنا ہے کہ دو ہزار سے زائد شہری مارے جا چکے ہیں جبکہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے جنگی جرائم کی تردید کرتے ہوئے بعض “انفرادی زیادتیوں” کی تحقیقات کا وعدہ کیا ہے۔یاد رہے کہ اپریل 2023 میں شروع ہونے والی سوڈان کی خانہ جنگی میں اب تک دسیوں ہزار ہلاکتیں اور 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد کی بے دخلی ہو چکی ہے۔ یہ دنیا کے بد ترین انسانی بحرانوں میں سے ایک ہے۔








