آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف اور اسجد اقبال کوارٹر فائنل میں ہار گئے

دوحہ۔12نومبر (اے پی پی):آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے پانچویں دن محمد آصف اور اسجد اقبال کا شاندار سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل نوید کپاڈیہ نے میڈیا کو بتایا کہ محمد آصف پری کوارٹر فائنل میں ایران کے عامر سرکوش کی رکاوٹ عبور کرنے کے بعد با آسانی کوارٹر فائنل میں داخل ہوئے تاہم لاسٹ ایٹ مرحلے …

دوحہ۔12نومبر (اے پی پی):آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے پانچویں دن محمد آصف اور اسجد اقبال کا شاندار سفر کوارٹر فائنل میں ختم ہوگیا۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل نوید کپاڈیہ نے میڈیا کو بتایا کہ محمد آصف پری کوارٹر فائنل میں ایران کے عامر سرکوش کی رکاوٹ عبور کرنے کے بعد با آسانی کوارٹر فائنل میں داخل ہوئے تاہم لاسٹ ایٹ مرحلے میں پولینڈ کے مائیکل سزوبرکزی سے سخت مقابلے کے بعد تین، چار سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔مائیکل کی جیت کا اسکور ان کے حق میں 16-89، 51-59، 61-33، 96-13، 86-7، 0-87 اور 42-104 رہا۔

ایک موقع پر محمد آصف نے 96 اور 80 کے شاندار بریک کے ساتھ تین، دو سے برتری حاصل کر لی تھی تاہم مائیکل نے 80 اور 55 کے عمدہ بریک کی بدولت آخری دونوں فریم جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ پاکستان کے اسجد اقبال بھی کوارٹر فائنل میں ہار گئے۔ انگلینڈ کے ہاروی چانڈلر نے ان کے خلاف چار، ایک سے کامیابی حاصل کی، ان کی جیت کا فریم سکور 31-76، 57-19، 24-59، 40-78 اور 20-60 رہا۔ قبل ازیں پری کوارٹر فائنل میں محمد آصف نے ایرانی سرکوش کو چار، دو سے ہرایا جبکہ اسجد اقبال نے ہانگ کانگ کے چائو ہون مان کے خلاف چار، ایک سے کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے دیگر دو کیوئسٹ آفتاب اقبال اور محمد حسنین پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔