راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے دوسرے روز بیٹرز اور باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شان مسعود اور اویس ظفر نے سنچریاں اسکور کیں، ثاقب خان نے سات، حیات اللہ نے چھ جبکہ حنین شاہ ، خرم شہزاد ، ساجد خان ، اسامہ میر، مہران ممتاز اور علی عثمان نے پانچ ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی سی بی کے مطابق شعیب اختر …
قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے دوسرے روز بیٹرز اور باؤلرز کا عمدہ کارکردگی
راولپنڈی۔12نومبر (اے پی پی):قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ کے دوسرے روز بیٹرز اور باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شان مسعود اور اویس ظفر نے سنچریاں اسکور کیں، ثاقب خان نے سات، حیات اللہ نے چھ جبکہ حنین شاہ ، خرم شہزاد ، ساجد خان ، اسامہ میر، مہران ممتاز اور علی عثمان نے پانچ ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی سی بی کے مطابق شعیب اختر اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ خیام خان نے 59 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ ثاقب خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 7 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلوز نے دن کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لیے، کپتان شان مسعود 114 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فیصل آباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اویس ظفر نے 148 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ حنین شاہ نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں اسلام آباد کی ٹیم پہلی اننگز میں 159 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سرمد بھٹی 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، خرم شہزاد نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنا لئے۔ فاٹا کی ٹیم بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں 396 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ریحان آفریدی نے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جواب میں بہاولپور کی ٹیم 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد اکرم نے 40 رنز بنائے جبکہ فاٹا کے حیات اللہ نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں لاہور وائٹس کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ قاسم اکرم نے 82 اور علی زریاب نے 57 رنز اسکور کیے۔ ساجد خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں پشاور نے کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں پر 108 رنز بنا لیے، اسرار اللہ 61 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ مرغزار گراؤنڈ میں ملتان کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز میں 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عمران بٹ 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
اسامہ میر اور مہران ممتاز نے پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حسن علی نے دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے۔ علی عثمان نے 5 وکٹیں حاصل کیں، یوں انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان کو فتح کے لیے 288 رنز کا ہدف ملا ہے اور دن کے اختتام پر اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے۔ زین عباس 41 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔









