ابوظہبی۔13نومبر (اے پی پی):ابوظہبی ورلڈ پروفیشنل جیو جتسو چیمپئن شپ کا افتتاح ہو گیا ، ولی عہد ابوظہبی اور چیئرمین ایگزیکٹو کونسل شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی میں مبادلہ ارینا میں ہونے والی چیمپئن شپ 22 نومبر تک جاری رہے گی۔وام کے مطابق شیخ زاید بن محمد بن زاید النہیان نے چیمپئن شپ کا فتتاح کیا ۔ انہوں نے مختلف مقابلوں کا جائزہ لیا اور ایمیچور …
ابوظہبی ورلڈ پروفیشنل جیو جتسو چیمپئن شپ کا افتتاح
ابوظہبی۔13نومبر (اے پی پی):ابوظہبی ورلڈ پروفیشنل جیو جتسو چیمپئن شپ کا افتتاح ہو گیا ، ولی عہد ابوظہبی اور چیئرمین ایگزیکٹو کونسل شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی میں مبادلہ ارینا میں ہونے والی چیمپئن شپ 22 نومبر تک جاری رہے گی۔وام کے مطابق شیخ زاید بن محمد بن زاید النہیان نے چیمپئن شپ کا فتتاح کیا ۔
انہوں نے مختلف مقابلوں کا جائزہ لیا اور ایمیچور کیٹیگری کے نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے اور مستقبل کے چیمپئن تیار کرنے کے لیے ایک مؤثر عالمی پلیٹ فارم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ قیادت کے اس ویژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت جیو جِتسو کے فروغ، کھلاڑیوں کی بھرپور معاونت اور عالمی سپورٹس اسٹیج پر امارات کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ شیخ زاید بن محمد نے کہا کہ ملک میں اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ جیو جِتسو نوجوانوں میں نظم و ضبط، حوصلہ، استقامت اور مضبوط کردار جیسی قدریں پیدا کرتا ہے، جو ایک ایسی نئی نسل کی تشکیل میں مدد دیتی ہیں جو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امارات کی نمائندگی فخر کے ساتھ کر سکے ۔
یو اے ای جیو جِتسو فیڈریشن کے چیئرمین، ایشین جوجِتسو یونین کے صدر اور انٹرنیشنل جیو جِتسو فیڈریشن کے سینئر نائب صدر عبدالمُنعم الہاشمی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کا کھیل کی مسلسل سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حمایت نے امارات کو عالمی سطح پر جیو جِتسو کے فروغ اور اس کی اعلیٰ قدروں کے فروغ کے لیے ایک مثالی ملک بنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 17ویں چیمپئن شپ کا افتتاح شیخ زاید بن محمد بن زاید کی جانب سے ہونا اس بات کا عکاس ہے کہ قیادت ایک ایسی نسل تیار کرنے کے عزم پر قائم ہے جو بڑے عالمی مقابلوں میں امارات کا پرچم سربلند کر سکے۔ یہ قومی وژن انسان اور اس کی صلاحیت میں سرمایہ کاری پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی ورلڈ پروفیشنل جیو جِتسو چیمپئن شپ ایک عالمی فورم بن چکی ہے جو مختلف تہذیبوں کو جوڑتی ہے، نئے ٹیلنٹ کو تحریک دیتی ہے اور یو اے ای کی شاندار ساکھ کو اجاگر کرتی ہے، جہاں پیشہ ورانہ انتظامات باہمی احترام، نظم و ضبط اور امن کی قدروں کے ساتھ یکجا ہوتے ہیں۔17ویں عالمی جیو جِتسو چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے 10 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جو اسے عالمی جیو جِتسو کیلنڈر کا سب سے بڑا اور باوقار ایونٹ بناتے ہیں۔ایونٹ کے دوران 13 سے 15 نومبر تک بچوں کے لیے ابوظہبی ورلڈ جیو جِتسو فیسٹیول بھی جاری ہے جبکہ 13 نومبر کو پیرا جیو جِتسو مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ 16 اور 17 نومبر کو یوتھ اور جونیئر کیٹیگریز، 18 اور 19 نومبر کو ماسٹرز کلاس، جبکہ 20 سے 22 نومبر تک پروفیشنل مقابلوں کے ذریعے چیمپئن شپ اپنے اختتام کو پہنچے گی۔









