خرم شہزاد ریاض۔13نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025 میں اب تک کے مقابلوں کے بعد میڈلز کی رینکنگ سامنے آ گئی ، 91 میڈلز کے ساتھ ترکیہ پہلی،46 میڈلز کے ساتھ ازبکستان دوسری جبکہ27 میڈلز کے ساتھ مصرتیسری پوزیشن پر ہے، پاکستان کے 54 کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ اب تک 2 میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 28ویں پوزیشن پر ہے جبکہ …
سعودی عرب ،اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025 کی میڈلز رینکنگ جاری،ترکیہ، ازبکستان اور مصر سرفہرست
خرم شہزاد
ریاض۔13نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025 میں اب تک کے مقابلوں کے بعد میڈلز کی رینکنگ سامنے آ گئی ، 91 میڈلز کے ساتھ ترکیہ پہلی،46 میڈلز کے ساتھ ازبکستان دوسری جبکہ27 میڈلز کے ساتھ مصرتیسری پوزیشن پر ہے، پاکستان کے 54 کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ اب تک 2 میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 28ویں پوزیشن پر ہے جبکہ 16 ممالک ایک بھی میڈل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025میں مختلف ممالک کی ٹیمیں شاندار کھیل کا مظاہرہ کررہی ہیں, ابھی تک کے مقابلوں کی بنیاد پر میڈلز کی رینکنگ سامنے آ گئی ہے جس میں ترکیہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور مجموعی طور پر 91 میڈلز جیتے جن میں 51 گولڈ، 24 سلور اور 16 براؤنز شامل ہیں، ترکیہ کی یہ غالب کارکردگی کھیلوں کے میدان میں اس کی برتری کو ظاہر کرتی ہے۔دوسرے نمبر پر ازبکستان ہے جس نے 46 میڈلزجیتے جن میں 2 گولڈ، 15 سلور اور 17 براؤنز شامل ہیں۔
مصرنے تیسری پوزیشن حاصل کی، اس نے مجموعی طور پر 27 میڈلز جیتے جن میں 3 گولڈ، 10 سلور اور 6 براؤنز شامل ہیں۔قزاقستان نے 34 میڈلز حاصل کیے جن میں 9 گولڈ ،12 سلور اور 13 برائونز شامل ہیں۔پاکستان نے بھی اپنی موجودگی نمایاں کی ہے، اس کا 54 کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے اور ابھی تک 2 براؤنز میڈلزکے ساتھ مجموعی طور پر 28ویں پوزیشن پر ہے۔
پاکستانی کھلاڑی مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ مقابلوں میں مزید میڈلز حاصل ہوں گے۔ایران نے مجموعی طور پر 31 میڈلز حاصل کیے جن میں 7 گولڈ ،8سلور اور 16 برائونز شامل ہیں۔میزبان ملک سعودی عرب نے بھی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 21 میڈلز جیتے جن میں 5 گولڈ، 1 سلور اور 15 براؤنز شامل ہیں۔ دیگر نمایاں ممالک میں انڈونیشیانے 23 میڈلز حاصل کیے جبکہ آذربائیجان نے 34 میڈلز کے ساتھ شاندار کھیل پیش کیا۔
اب تک کے مقابلوں میں کچھ ممالک جیسے افغانستان، برونائی، بینن اور چاڈسمیت کل 16 ممالک ابھی تک ایک بھی میڈل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے جس سے کھیل کی سخت مقابلہ بازی اور چیلنجز کا پتہ چلتا ہے۔اسلامک سالیڈیرٹی گیمز 2025 میں کل 57 ممالک حصہ لے رہے ہیں اور کھیلوں کے مختلف شعبوں میں مقابلے جاری ہیں۔ یہ ایونٹ نہ صرف اسلامی دنیا کے کھیلوں کے معیار کو بلند کر رہا ہے بلکہ شائقین کے لیے عالمی سطح کے شاندار کھیل پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کر رہا ہے۔









