پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی اسلام آباد میں حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، متاثرین سے اظہارِ تعزیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کینیڈا کی جاری حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ''پاکستان ٹی وی'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طارق علی خان نے کہا کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے، ہم ہر …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، متاثرین سے اظہارِ تعزیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کینیڈا کی جاری حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”پاکستان ٹی وی” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طارق علی خان نے کہا کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، خاص طور پر اس کے اْن معصوم شہریوں پر پڑنے والے اثرات کی جو اس کا نشانہ بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ میں اس وقت پاکستان میں ہوں، میں اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر پاکستان کے عوام اور اس شہر کے رہائشیوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس حملے کی مکمل مذمت کرتے ہیں۔ ہائی کمشنر نے اْن پاکستانی طلبہ کے خدشات پر بھی بات کی جو کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ بین الاقوامی طلبہ کینیڈین جامعات اور کمیونٹیز میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور حقیقی طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ جلد درخواست دیں اور اپنے دستاویزات کی درستی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ہماری یونیورسٹیوں اور ان کے ارد گرد کی کمیونٹیز کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں، اپنے تمام کاغذات مکمل اور درست رکھیں اور امیگریشن ایجنٹس سے محتاط رہیں، خود درخواست دیں، درست معلومات فراہم کریں، اگر آپ ایک حقیقی طالب علم ہیں تو آپ کو داخلے میں دشواری نہیں ہوگی، آپ کی درخواست مسترد نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن درخواست دہندگان کے ویزے مسترد ہو جائیں، وہ وجوہات کو بغور پڑھیں اور خامیوں کو دْور کر کے دوبارہ درخواست دیں۔

اقتصادی تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا اور پاکستان دونوں تجارتی تعلقات کو متنوع بنانے اور اہم شعبوں میں شراکت داری کے لیے کام کر رہے ہیں جن میں اہم معدنیات، قابلِ تجدید توانائی اور زراعت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مین قابلِ تجدید توانائی کے حوالے سے بڑی صلاحیت موجود ہے، ایک کینیڈین کمپنی جے سی ایم پاور سندھ میں ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبے فراہم کر رہی ہے۔

اسی طرح بیریک منرلز بلوچستان میں ریکو ڈِک کاپر مائن چلا رہی ہے اور اس سال ہمیں کینیڈا سے پاکستان کو کینولا برآمدات کے سلسلے میں مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملی۔ عالمی امور پر بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر طارق علی خان نے فلسطینی ریاست کی کینیڈا کی جانب سے تسلیم شدہ حیثیت اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کرتے آئے ہیں، ہم نے گزشتہ سال فلسطین کی ریاست کو تسلیم کیا تھا اور اب بھی اردن کے ذریعے غزہ کے لیے انسانی امداد فراہم کر رہے ہیں، دنیا نے اس المیے کو بہت طویل عرصے سے دیکھا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ایک پائیدار حل تلاش کیا جائے۔ طارق علی خان نے پاکستان ٹی وی کے آغاز اور اس کی مسلسل ترقی کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان میں انگریزی ناظرین کے لیے عالمی خبریں پیش کر کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، یہ آپ کے لیے ایک موقع ہے کہ آپ اپنی کہانی خود دنیا کے سامنے رکھ سکیں۔