اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل سوبر زودہ امام علی عبدالرحیم نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور تجارت و توانائی کے شعبوں میں باہمی اشتراک کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں تاجکستان کے سفیر شریف زودہ یوسف …
صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل سوبر زودہ امام علی عبدالرحیم کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل سوبر زودہ امام علی عبدالرحیم نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور تجارت و توانائی کے شعبوں میں باہمی اشتراک کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں تاجکستان کے سفیر شریف زودہ یوسف طاہر، کرنل رسول زودہ کریم عبد الرسول، میجر جنرل حکیم زودہ ظریف یونس اور میجر جنرل امون اللہ زودہ امین جان امون اللہ بھی موجود تھے ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ اپنے کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور لسانی ورثے پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو سیاسی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط مزید بڑھانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ تاجکستان وسطی ایشیا کے قلب تک رسائی کا اہم راستہ ہے جبکہ پاکستان تاجکستان کے لئے بین الاقوامی آبی راستوں تک رسائی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کاسا-1000 منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی روابط اور مشق دوستی-II کا کامیاب انعقاد دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
تاجکستان کے وزیرِ دفاع نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پرسینیٹر شیری رحمٰن اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔








