ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظمؒ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے حصول کی جدوجہد کی عظیم علامت تھے، ان کی غیر معمولی قیادت، اصول پسندی اور ثابت قدم سیاسی جدوجہد نے قیامِ پاکستان کی منزل کو ممکن بنایا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا قائداعظم محمد علی جناحؒ کو 78ویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظمؒ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے حصول کی جدوجہد کی عظیم علامت تھے، ان کی غیر معمولی قیادت، اصول پسندی اور ثابت قدم سیاسی جدوجہد نے قیامِ پاکستان کی منزل کو ممکن بنایا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے دیانت، قانون کی پاسداری، انصاف اور جمہوری اقدار کی اہمیت اجاگر کی، ان کے تصورِ پاکستان میں تمام شہری برابر تھے اور ہر فرد کو بلاامتیاز بنیادی حقوق، عزت اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ قائداعظمؒ کے افکار آج بھی پاکستان کی ترقی اور قومی یکجہتی کے لئے مشعلِ راہ ہیں، موجودہ قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں اتحاد، نظم و ضبط، باہمی اتفاق اور قومی ذمہ داری کے اسی جذبے کو اپنانا ہوگا جس کی قائداعظمؒ نے ہمیشہ تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور قومی اتحاد کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ پارلیمان اور تمام جمہوری قوتوں کو عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائداعظمؒ کے اصولوں اور وژن کی روشنی میں ایسا پاکستان بنانے کے لئے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی جہاں جمہوری اقدار مستحکم، شہریوں کو مساوی مواقع میسر اور ترقی کے ثمرات ہر طبقے تک پہنچیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات بلند فرمائے اور قوم کو اتحاد، اخلاص اور قومی ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کی توفیق عطا ء فرمائے۔







