پاکستان شاہینز نے ٹی 20 ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے افتتاحی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 40 رنز سے شکست دے دی

دوحہ۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے ٹی 20 ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے افتتاحی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 40 رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس مقابلے میں عمان نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی ،جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شاہینز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 …

دوحہ۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے ٹی 20 ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے افتتاحی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 40 رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس مقابلے میں عمان نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی ،جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شاہینز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔ پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ تھا اور محمد نعیم صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم یاسر خان اور معاذ صداقت نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 44 رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ یاسر خان نے 26 رنز اسکور کیے جن میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رنز ناٹ آؤٹ کی دھواں دھار اننگز کھیلی ،جس میں 5 چوکے اور 9 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

انہوں نے کپتان عرفان خان کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔ عرفان خان نے بھی 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 44 رنز اسکور کیے۔ اختتامی لمحات میں محمد فائق اور سعد مسعود نے بالترتیب 19، 19 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مجموعی سکور 220 تک پہنچایا۔ ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا سکی۔ زکریا اسلام نے 57 رنز بنائے جن میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ مظاہر رضا نے بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے اور زکریا کے ساتھ آٹھویں وکٹ پر 88 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔ کپتان حماد مرزا نے بھی 34 رنز بنا کر ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھا۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے عبید شاہ نے تین جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان شاہینز اب اپنا دوسرا میچ 16 نومبر کو بھارت اے کے خلاف کھیلے گی جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف شیڈول ہے۔

مزید خبریں