اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو سیاسی استحکام اور پارلیمانی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترمیم جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور ریاستی ڈھانچے میں شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف اہم وفود نے پارلیمنٹ …
27 ویں آئینی ترمیم جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور ریاستی ڈھانچے میں شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو سیاسی استحکام اور پارلیمانی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترمیم جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور ریاستی ڈھانچے میں شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف اہم وفود نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جن میں اراکین سینیٹ، میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز، پمز بورڈ کے ممبران، سینئر پارلیمنٹرینز، سابق سینیٹرز، قبائلی عمائدین، طلبہ، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال، پارلیمانی کردار اور قومی ترقی کے اہداف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ میں موثر اور جامع قانون سازی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی فلاح، ادارہ جاتی اصلاحات، قومی وسائل کے شفاف استعمال اور پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔سیدال خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی انتظامی صلاحیتوں اور ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لیے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی متحرک قیادت میں معاشی اشاریوں میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے،
توانائی، گورننس اور کفایت شعاری کے شعبوں میں حکومتی اصلاحات عوامی ریلیف کی شکل میں ظاہر ہو رہی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو سیاسی استحکام اور پارلیمانی بالادستی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور ریاستی ڈھانچے میں شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔انہوں نے پاکستان کی قدرتی دولت، زرعی صلاحیت، چاروں موسموں کی نعمت اور نوجوان آبادی کو ملک کی ترقی کا بہترین اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے لیے تمام طبقات کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
بلوچستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے، گوادر، کوئٹہ، تربت، خضدار اور دیگر علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، صحت و تعلیم کے شعبوں کی اپ گریڈیشن اور روزگار کے نئے مواقع صوبے میں خوشحالی کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور ملکی یکجہتی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر شرکا نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی گفتگو کو رہنما اور اہم قرار دیتے ہوئے ملک کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








