پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ (کل) بروز اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میچ میں 6 رنز اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق …

راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ (کل) بروز اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میچ میں 6 رنز اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے شروع ہو گا۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے ون ڈے اور آئندہ سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے فول پروف سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ قومی اور غیر ملکی ٹیموں کو محفوظ اور پر سکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ترجمان پولیس کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 5500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 350 سے زائد ٹریفک وارڈنز اور افسران فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اطراف اور بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے جدید سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ اسٹیڈیم کے گرد گشت کر رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہریوں کی سہولت کے لیے موثر ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے محفوظ، پرسہولت اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، راولپنڈی پولیس سیریز کے دوران بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاک فوج، رینجرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے باہمی ربط سے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری اور غیر ملکی مہمان مکمل اطمینان کے ساتھ میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔