تل ابیب۔17نومبر (اے پی پی):اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زامیر نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ ڈویژن میں چوکس رہنے کی ایک مشق کے دوران غزہ کے اندر مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے تیزی سے بڑے پیمانے پر حملے کی طرف جانے کے امکان کی تیاری کر رہی ہے۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج فی الحال آبادی کو کنٹرول کئے بغیر …
غزہ میں ’’ییلو لائن‘‘سے آگے علاقوں پر قبضہ کرنے کے لئے بڑا حملہ کرسکتےہیں، اسرائیلی چیف آف سٹاف

مزید خبریں
تل ابیب۔17نومبر (اے پی پی):اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زامیر نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ ڈویژن میں چوکس رہنے کی ایک مشق کے دوران غزہ کے اندر مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے تیزی سے بڑے پیمانے پر حملے کی طرف جانے کے امکان کی تیاری کر رہی ہے۔
العربیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج فی الحال آبادی کو کنٹرول کئے بغیر غزہ کے 50 فیصد سے زیادہ علاقے پر قابض ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ییلو لائن گھیراؤ اور کنٹرول کی لکیر کی نمائندگی کرتی ہے۔ اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زامیر نے نشاندہی کی کہ موجودہ فوجی آپریشن کے متوازی اور اگر ضروری ہوا تو ہمیں ییلو لائن کے دوسری طرف غزہ کے علاقوں پر قبضہ کرنے کے لئے فوری طور پر ایک وسیع حملے کی طرف جانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی افواج ییلو لائن کے ساتھ ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ جنوبی کمانڈ زیر زمین بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے اپنے مشن کو پورا کرنے کے لئے کام جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ اسرائیلی افواج نے گزشتہ روز بھی غزہ کے جنوب میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر بمباری، فائرنگ اور منہدم کرنے کی کارروائیاں کیں۔فلسطینی پریس ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس شہر کے جنوب مشرق میں فضائی حملے کیے۔
اسرائیلی گاڑیوں کی جانب سے خان یونس کے مشرق میں گولہ باری اور فائرنگ کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے رفح کے شمال مشرق میں شدید فائرنگ کی اور رفح شہر کے شمال میں ایک بڑی منہدم کرنے کی کارروائی بھی انجام دی ۔ شہر کے مغرب میں اسرائیلی افواج نے توپ خانے سے گولہ باری بھی کی جبکہ مواصي میں بے گھر افراد کے خیموں پر شدید فائرنگ بھی کی ۔








