روس دبئی ایئر شو میں 900 سے زائد جدید جنگی آلات اور دفاعی ٹیکنالوجیز کی نمائش کرے گا

ماسکو۔17نومبر (اے پی پی):روس متحدہ عرب امارات میں 17 سے 21 نومبر تک منعقد ہونے والے دبئی ایئر شو 2025 میں 900 سے زائد جدید جنگی آلات اور دفاعی ٹیکنالوجیز کی نمائش کرے گا۔ اس سلسلے میں روس 30 سے زیادہ انتہائی طلب کی حامل مصنوعات کے فل سکیل ماڈلز پیش کرے گا، جو غیر ملکی دفاعی نمائشوں کے لیے نیا ریکارڈ ہوگا۔تاس کے مطابق رواں سال روس کا پویلین …

ماسکو۔17نومبر (اے پی پی):روس متحدہ عرب امارات میں 17 سے 21 نومبر تک منعقد ہونے والے دبئی ایئر شو 2025 میں 900 سے زائد جدید جنگی آلات اور دفاعی ٹیکنالوجیز کی نمائش کرے گا۔ اس سلسلے میں روس 30 سے زیادہ انتہائی طلب کی حامل مصنوعات کے فل سکیل ماڈلز پیش کرے گا، جو غیر ملکی دفاعی نمائشوں کے لیے نیا ریکارڈ ہوگا۔تاس کے مطابق رواں سال روس کا پویلین 5 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر مشتمل ہوگا،

جہاں یونائیٹڈ ایئرکرافٹ کارپوریشن، یونائیٹڈ انجن کارپوریشن (جو دونوں روسٹیک کارپوریشن کا حصہ ہیں)، سپیشل ٹیکنالوجی سینٹر، انمینڈ سسٹمز گروپ اور الماز–انتی سمیت ملک کی بڑی دفاعی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔ایئر شو کے موقع پر روس کی خلائی اور راکٹ صنعت کے اعلیٰ حکام، جن میں روس کوسموس کے سربراہ دمتری باکانوف بھی شامل ہیں، بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔دبئی ایئر شو دنیا کے اہم بین الاقوامی فضائی میلوں میں شمار ہوتا ہے اور ایرو اسپیس و دفاعی صنعتوں کے عالمی رجحانات متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

روسوبورون ایکسپورٹ کے سربراہ الیگزینڈر میخییف کے مطابق روس اس ایونٹ میں جدید ترین ہائی انٹیلی جنس دفاعی نظام، ایوی ایشن کی اہم پیشرفتیں، خلائی ٹیکنالوجی اور فضائی دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گا۔اس کے علاوہ، روسی وفد مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور دنیا کے دیگر خطوں سے آنے والے فوجی نمائندوں کے ساتھ دفاعی برآمدات اور تکنیکی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔