کا بنیادی فوکس آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ ہے اور اسی کے پیش نظر کمبینیشن اور حکمت عملی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے،سلمان آغا

راولپنڈی۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ٹیم کا بنیادی فوکس آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ ہے اور اسی کے پیش نظر کمبینیشن اور حکمت عملی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ٹی 20 کرکٹ میں ٹیم نے جس سٹریٹجی کے تحت عمدہ کارکردگی …

راولپنڈی۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ٹیم کا بنیادی فوکس آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ ہے اور اسی کے پیش نظر کمبینیشن اور حکمت عملی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ٹی 20 کرکٹ میں ٹیم نے جس سٹریٹجی کے تحت عمدہ کارکردگی دکھائی ہے کوشش ہو گی کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔ سلمان آغا کے مطابق پاکستان کے پاس بہترین آل راؤنڈرز موجود ہیں جو بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہ ملکی سیریز میں بھی ایسا ہی مضبوط کمبینیشن نظر آئے گا جبکہ پلان یہ ہے کہ سکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی کو موقع دیا جائے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل بہترین کمبینیشن تیار ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نچلے نمبروں پر کارکردگی پریشان کن نہیں بلکہ محمد نواز، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی مسلسل اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ایشیا کپ میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ کپتان نے بتایا کہ حسن نواز کی جگہ عبدالصمد کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہ بھی عمدہ کارکردگی دکھا کر ٹیم کی ضرورت پوری کریں گے۔ اپنی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے لیے اچھا اور برا وقت آتا ہے، ایشیا کپ میں میری کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی لیکن اب فارم بہتر ہے اور کوشش ہے کہ ٹیم کی جیت میں مسلسل کردار ادا کرتا رہوں۔ سلمان آغا نے مزید کہا کہ وہ جب بھی ضرورت پڑے باؤلنگ میں حصہ لیتے ہیں جبکہ صائم ایوب نے بطور بیٹنگ آل راؤنڈر شاندار باؤلنگ کی صلاحیت دکھائی ہے۔

دنیا بھر میں مختصر فارمیٹ میں آل راؤنڈرز کو اہمیت دی جاتی ہے اور جب ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں تو انہیں ضرور مواقع ملنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ سہ ملکی ٹی 20 سیریز کا افتتاحی میچ (کل )منگل کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں