امریکا کی ہر خواہش کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکتا، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) مسلم (ن) کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ امریکا کی ہر خواہش کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکتا۔ پہلے ہم امریکا کے اتحادی تھے، ہم نے مل کر سوویت یونین کا مقابلہ کیا اور اب یہ کہا جارہا ہے کہ نتائج بھگتنا ہوں گے‘ پس پردہ مقصد سی پیک اور چین و پاکستان کی معاشی ترقی کو …

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) مسلم (ن) کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ امریکا کی ہر خواہش کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکتا۔ پہلے ہم امریکا کے اتحادی تھے، ہم نے مل کر سوویت یونین کا مقابلہ کیا اور اب یہ کہا جارہا ہے کہ نتائج بھگتنا ہوں گے‘ پس پردہ مقصد سی پیک اور چین و پاکستان کی معاشی ترقی کو روکنا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ امریکی اتحادی فوج نیٹو افغانستان کے 40 فیصد علاقہ کا کنٹرول سولہ سالوں میں حاصل نہیں کرسکی۔ ہمارے ترقیاتی منصوبوں اور سی پیک کے حوالے سے دباو ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اصل مقصد سی پیک اور چین پاکستان کی معاشی ترقی کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتباہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے امریکا کی پالیسی پر غور کرے اور اسی طرح کی پالیسیوں پر دو ٹوک موقف اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی سرحد کو محفوظ بنا رہا ہے۔ ایف سی کی چیک پوسٹیں بنائی جارہی ہیں لیکن اس حوالے سے افغانستان نے کیا کردار ادا کیا ہے دراصل امریکا افغانستان سے جان چھڑانے کی بات کر رہا ہے اس لئے وہ افغانستان میں بھارت کو ملوث کرتا جارہا ہے جو امریکا کی طرح خود بھارت کے لئے بھی نقصان دہ ہوگا۔ ایک سپرپاور ملک 16 سال میں ناکام رہا تو بھارت کیا کردار ادا کر سکے گا۔

Leave a Reply