وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی صاف، مؤثر اور مضبوط نظامِ نقل و حمل کی تشکیل کے عزم کی تجدید

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات، عبدالعلیم خان نے صاف، مؤثر اور مضبوط نظامِ نقل و حمل کی تشکیل کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں کے نیٹ ورک کو بہتر ڈیزائن، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کر رہے ہیں،گرین موبلیٹی کے فروغ اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کے ماحولیاتی اثرات میں کمی لانے پر کام کر رہے ہیں ۔ وزارت مواصلات سے بدھ …

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات، عبدالعلیم خان نے صاف، مؤثر اور مضبوط نظامِ نقل و حمل کی تشکیل کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں کے نیٹ ورک کو بہتر ڈیزائن، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کر رہے ہیں،گرین موبلیٹی کے فروغ اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کے ماحولیاتی اثرات میں کمی لانے پر کام کر رہے ہیں ۔

وزارت مواصلات سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق عالمی یومِ پائیدار ٹرانسپورٹ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس موقع پرہم صاف، مؤثر اور مضبوط نظامِ نقل و حمل کی تشکیل کے عزم کی تجدید کرتے ہیں،سڑکیں اور شاہراہیں صرف نقل و حرکت کے راستے نہیں بلکہ پائیدار ترقی کے محرک ہیں،وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذریعے قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کو معیاری بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہو ں نے کہا کہ شاہراہوں کے نیٹ ورک کو بہتر ڈیزائن، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل مضبوط انفراسٹرکچر فراہم کر رہے ہیں،ہماری توجہ توانائی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے والی شاہراہوں کی تعمیر پر مرکوز ہے، گرین موبیلیٹی کے فروغ اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کے ماحولیاتی اثرات میں کمی لانے پر کام کر رہے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ علاقائی شراکت داروں کے لیے محفوظ، تیز اور قابلِ اعتماد روابط یقینی بنانے پر کام کر رہے ہیں،چند دن قبل 24ویں وزارتی کاریک کانفرنس کے موقع پر پاکستان نے ’’گرین اور ڈیجیٹل کاریک‘‘ کے وژن کو آگے لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا، کانفرنس میں پائیدار راہداریوں، اسمارٹ ٹرانسپورٹ اور ڈیجیٹل طور پر فعال انفراسٹرکچر کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد علاقائی روابط کو فروغ دینا، کاربن کے اخراج کو کم کرنا اور کلائمیٹ ریسیلینس کو مضبوط بنانا ہے،گزشتہ ماہ اسلام آباد میں علاقائی وزرائے ٹرانسپورٹ کانفرنس( آر ٹی ایم سی) کے دوران وزرائے ٹرانسپورٹ اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، آر ٹی ایم سی میں سڑک، ریل اور بحری شعبوں میں ملٹی موڈل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس حوالے سے بات چیت علاقائی انضمام اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، آر ٹی ایم سی نے اہم ٹرانسپورٹ روابط کی نشاندہی، ضوابط کی ہم آہنگی اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس بات چیت سے ایک مربوط، مؤثر اور مضبوط علاقائی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قائم کیا جا سکے گا،اس اہم دن پر میں انجینئرز، منصوبہ سازوں، محنت کشوں اور ترقیاتی شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اہداف کے مطابق ٹرانسپورٹ شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہیں،آئیے، مشترکہ وژن کے ساتھ آگے بڑھیں ،گرین سڑکیں، سمارٹ ٹرانسپورٹ، مضبوط پاکستان۔