اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سماجی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے …
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سماجی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی اتحادی حکومت صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبے خوش آئند ہیں اور وفاق ہر سطح پر صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے اور وفاق و صوبوں کے درمیان مضبوط رابطوں سے عوامی مسائل حل کرنے میں مزید بہتری آئے گی۔ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں، وفاقی معاونت اور سکیورٹی انتظامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی خوشحالی اور پائیدار ترقی کیلئے باہمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پارلیمانی خدمات، ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے اور بلوچستان اسمبلی میں قانون سازی کے سلسلے میں قومی اسمبلی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان صوبوں کی مضبوط آواز ہے جو ہر سطح پر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔








