وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات ، سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق

منامہ۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان اور بحرین نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے دیرینہ دفاعی شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان -جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے، جو کہ …

منامہ۔26نومبر (اے پی پی):پاکستان اور بحرین نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے دیرینہ دفاعی شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان -جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے، جو کہ اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو یہاں بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی شراکت داری پر گفتگو کی گئی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ بحرین کی دیرینہ خیر سگالی کو سراہا۔ انہوں نے امن، رواداری اور بقائے باہمی کو فروغ دینے میں بحرین کی قیادت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آرڈر آف بحرین (فرسٹ کلاس) پیش کیا جو کہ بحرین کی جانب سے عالمی سربراہان کو پیش کئے جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ملاقات میں بحرین کے بادشاہ نے بتایا کہ بحرین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے بحرین کی قانونی نمائندگی کی۔

بحرین کے بادشاہ نے بتایا کہ ان کے ریکارڈ میں موجود دستاویزات کے مطابق محمد علی جناح بحرین کے وکیل رہے۔ دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات میں حوصلہ افزا ء رفتار کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے مشترکہ ایمان اور باہمی احترام پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ستمبر 2025 میں اسلام آباد میں کنگ حمد یونیورسٹی فار نرسنگ اینڈ الائیڈ میڈیکل سائنسز کے قیام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بحرین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے جو کہ اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے ذریعے پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص غذائی تحفظ، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ وزیر اعظم نے بحرین میں 150,000 سے زائد پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مہمان نوازی کی بھی تعریف کی اور پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی پر حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دیرینہ دفاعی شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے تکنیکی تربیت، لاجسٹکس، افرادی قوت اور دفاعی پیداوار میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی حالیہ پیشرفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ غزہ کے عوام ، جو کئی دہائیوں سے مصائب کا شکار ہیں، کیلئے امن و استحکام کا قیام انتہائی خوش آئند ہے، جس کے غزہ کے عوام عرصہ دراز سے منتظر تھے۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان پائیدار دوستی اور تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔ ملاقات کے اختتام پر بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔