دنیا بھر میں 40.8 ملین افراد ایچ آئی وی وائرس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، ڈاکٹر عروج

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):سی ڈی اے ہسپتال کے شعبہ گائنی سے وابستہ ڈاکٹر عروج نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 40.8 ملین افراد ایچ آئی وی وائرس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں جبکہ صرف 2024 میں 1.3 ملین نئے مریض سامنے آئے ۔عالمی یوم ایڈز کے موقع پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز اب بھی عالمی سطح پر صحت عامہ کا …

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):سی ڈی اے ہسپتال کے شعبہ گائنی سے وابستہ ڈاکٹر عروج نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 40.8 ملین افراد ایچ آئی وی وائرس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں جبکہ صرف 2024 میں 1.3 ملین نئے مریض سامنے آئے ۔عالمی یوم ایڈز کے موقع پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز اب بھی عالمی سطح پر صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہے، انسانی تاریخ کے مہلک ترین مرض ’ایڈز اور اس سے بچائو‘ کا عالمی دن پیر کو منایا گیا ہے۔

یہ دن منانے کا مقصد ایڈز سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی اور لوگوں کو معلومات فراہم کرنا ہے۔ ایڈز کا مرض ایچ آئی وی وائرس کے ذریعے پھیلتا ہے جو انسانی مدافعتی نظام کو کمزور کرتا ہے جس سے جسم کے لیے انفیکشن اور بیماریوں سے لڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہلک مرض کا کوئی مکمل علاج نہیں تاہم جدید دوائیں ایڈز کے حملے اور اس کی علامات پر قابو پانے میں مددگار ہو سکتی ہیں، ساتھ ہی صحت مند طرز زندگی ،اچھی نیند، صحت بخش غذا، سگریٹ نوشی سے پرہیز ، کسی بھی قسم کے انفیکشن سے بچائو کی کوشش بھی ایڈز پر قابو پانے میں مدد دے سکتی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایچ آئی وی کے بارے میں پائے جانے والے خوف اور بدنامی کو ختم کریں، باقاعدہ ٹیسٹ کروائیں اور محفوظ طرز زندگی اپنائیں، بروقت تشخیص اور مسلسل علاج نہ صرف مریض کو طویل اور صحت مند زندگی دے سکتا ہے بلکہ نئے انفیکشن کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔