اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے سیکرٹری ندیم محبوب نے اسلام آباد کے نواحی گاؤں کیلنجر میں قائم ایک نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حمید خان نیازی بھی موجود تھے جنہوں نے سکول میں داخلوں، تعلیمی پیشرفت اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی سیکرٹری تعلیم نے کلاس رومز کا …
وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کا اسلام آباد کے نواحی علاقے میں نان فارمل ایجوکیشن سکول کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے سیکرٹری ندیم محبوب نے اسلام آباد کے نواحی گاؤں کیلنجر میں قائم ایک نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حمید خان نیازی بھی موجود تھے جنہوں نے سکول میں داخلوں، تعلیمی پیشرفت اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی سیکرٹری تعلیم نے کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ و اساتذہ سے ملاقات کی اور علاقے کے محروم بچوں کو مفت تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں سکول کے کردار کو سراہا۔
غیر روایتی سکولز عام طور پر ایک کمرے پر مشتمل کمیونٹی بیسڈ مراکز ہوتے ہیں جنہیں ایک ہی استاد چلاتا ہے اور جہاں مختلف جماعتوں کے طلبہ کو بیک وقت پڑھایا جاتا ہے۔ یہ سکول کلاس پنجم تک سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ بڑی عمر کے بچوں کے لئے معیاری تیز رفتار تعلیمی پروگرام بھی فراہم کرتے ہیں۔
دورے کے دوران سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے اعلان کیا کہ وہ وزارت کے حال ہی میں شروع کردہ اقدام ’’سپورٹ اے نان فارمل ایجوکیشن سکول‘‘کے تحت اس سکول کو باضابطہ طور پر اپنا رہے ہیں، اس پروگرام کے تحت کوئی بھی فرد یا ادارہ مختلف مالیاتی پیکجز کے ذریعے کسی بھی نان فارمل سکول کی سرپرستی کرسکتا ہے، ان پیکجز میں سٹیشنری، ورک بکس، بنیادی تدریسی و کمرہ جماعت کے مواد، حفظانِ صحت کی اشیا اور دیگر تعلیمی امدادی سامان شامل ہیں جو براہِ راست بچوں کے تعلیمی ماحول کے معیار کو بہتر بناتے ہیں۔ مزید یہ کہ ڈونرز کو مکمل شفافیت کے ساتھ باقاعدہ اسکول اپڈیٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔








