اسلامی یونیورسٹی میں ملائیشین و انڈونیشین جامعات کے وفد کا دورہ، تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ملائیشیا اور انڈونیشیا کی نمایاں جامعات کے اعلیٰ سطحی وفد نے دورہ کیا اور آئندہ سال پاکستان میں مشترکہ تعلیمی پروگراموں، تحقیقی تعاون اور بین الاقوامی منصوبوں کے آغاز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفد نے آئی آئی یو آئی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے کونسل ہال میں ملاقات کی۔ وفد میں انڈونیشیا کی یونیورسٹاس …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ملائیشیا اور انڈونیشیا کی نمایاں جامعات کے اعلیٰ سطحی وفد نے دورہ کیا اور آئندہ سال پاکستان میں مشترکہ تعلیمی پروگراموں، تحقیقی تعاون اور بین الاقوامی منصوبوں کے آغاز سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفد نے آئی آئی یو آئی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد سے کونسل ہال میں ملاقات کی۔

وفد میں انڈونیشیا کی یونیورسٹاس ایئر لانگا کے پروف محمد مفتاح السورور (وائس ریکٹر برائے تحقیق و اختراع اور چیئرپرسن WUACD)، پروف فیری ایفندی (ہیڈ جرنل ڈیولپمنٹ و اشاعتی امور)، پروف ڈاکٹر نی نیومن تری پسپاننگسیہ (ایگزیکٹو سیکرٹری WUACD)اور ڈاکٹر محمد سعود شامل تھے۔ ملائیشیا کی نمائندگی یونیورسٹی ٹیکنالوجی MARA (UiTM) کے پروف ایر ڈاکٹر احمد صابرین ذوالفقار نے کی۔

ملاقات میں یونیورسٹاس ایئر لانگا کے نمائندوں نے بتایا کہ وہ آئندہ سال پاکستان میں ایک بین الاقوامی پروگرام کا آغاز کریں گے، جس کی موثر تکمیل کے لیے اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ قریبی اشتراک ناگزیر ہے۔ UiTM کے وفد نے اپنی جامعاتی استعداد، 34 کیمپسز، سنٹرز آف ایکسی لینس اور مختلف شعبہ جاتی قوتوں کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔

صدر اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے وفد کو یونیورسٹی کی موجودہ شراکت داریوں پر بریفنگ دی اور کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اور یونیورسٹاس ایئر لانگا کے درمیان نفسیات، سماجیات، انجینئرنگ، پائیدار ترقی کے اہداف اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ پروگراموں میں بے پناہ تعاون کی گنجائش موجود ہے۔

ملاقات میں یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام، جن میں وائس پریزیڈنٹ ریسرچ اینڈ انٹرپرائز پروف ڈاکٹر احمد شجاع سید، ڈین فیکلٹی آف لینگویجز اینڈ لٹریچر پروف ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ، وائس پریزیڈنٹ ایڈمن اینڈ فنانس سید حسن عتاب، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر مشتاق احمد اور دیگر متعلقہ عہدیداران شامل تھے۔

اس سے قبل وفد کو خاتون کیمپس میں پروف ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ نے خوش آمدید کہا اور کیمپس کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات کا دورہ کرایا۔ وفد نے CIRBS کے ساتھ تعاون کے مواقع پر بھی بات چیت کی۔دورے کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، مشترکہ پروگراموں کو فروغ دیا جائے گا اور تحقیق، اختراع اور علمی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔