میجر شبیر شریف شہید کی بے مثال بہادری اور فرض کی لازوال لگن قومی فخر کی ابدی علامت،قوم کی خدمت کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے، فوجی قیادت

راولپنڈی۔6دسمبر (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کی 54ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے مثال بہادری اور فرض کی لازوال لگن قومی فخر …

راولپنڈی۔6دسمبر (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کی 54ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے مثال بہادری اور فرض کی لازوال لگن قومی فخر کی ابدی علامت ہے۔

آئی ایس پی آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق میجر شبیر شریف جنہیں 1965ء کی جنگ میں بہادری پر ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا انہیں 1971 ء کی جنگ میں ایک بار پھر سلیمانکی ہیڈ ورکس کے قریب ایک انتہائی اہم سٹریٹجک پوزیشن کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ 5/6 دسمبر کی رات انہوں نے غیر معمولی بہادری کے ساتھ اپنی کمپنی کی قیادت کی، دشمن سے دست بدست لڑائی کی اور حملہ آور 4 جاٹ رجمنٹ کے کمانڈر میجر نرائن سنگھ کو جہنم واصل کر دیا۔ 6 دسمبر کے دن انہوں نے دشمن کے کئی جوابی حملوں کو ناکام بنایا اور خود آگے بڑھنے والے ٹینکوں کو تباہ کیا۔

وہ قبضہ کی گئی پوزیشن کو مضبوطی سے تھامے رکھتے ہوئے اور مسلسل حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اس وقت شہید ہو گئے جب ان پر ایک بھارتی ٹینک کا گولہ آگرا۔فوجی قیادت نے کہا کہ آگ کے شعلوں میں میجر شبیر شریف شہید کی غیر معمولی قیادت، وطن سے بے پناہ وابستگی اور عظیم قربانی پاکستان آرمی کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید کی بہادری آج بھی قوم کی خدمت کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔فوجی قیادت نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والے تمام شہداء کا مکمل احترام اوران سے اظہار تشکرکر تی ہیں،ان کی بہادری اور استقامت کی میراث قوم میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

مزید خبریں