نیویارک۔6دسمبر (اے پی پی):امریکا کے شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے اعزا میں امریکا پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی )کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد کی رہائش گاہ پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے ظہران ممدانی کا پُرتپاک استقبال کیا ، ممدانی نیویارک جیسے تقریباً 80 لاکھ آبادی والے شہر کی قیادت کرنے والے پہلے مسلمان اور پہلے جنوبی ایشیائی …
نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کے اعزا میں تقریب،پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے پُرتپاک استقبال کیا

مزید خبریں
نیویارک۔6دسمبر (اے پی پی):امریکا کے شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے اعزا میں امریکا پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی )کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد کی رہائش گاہ پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے ظہران ممدانی کا پُرتپاک استقبال کیا ، ممدانی نیویارک جیسے تقریباً 80 لاکھ آبادی والے شہر کی قیادت کرنے والے پہلے مسلمان اور پہلے جنوبی ایشیائی ہوں گے۔تقریب میں کمیونٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئےمیئر ظہران ممدانی نے کہا کہ آپ لوگوں کا مجھ پر اعتماد انتخابات اور نتائج سے بہت پہلے میرے لیے حوصلے کا باعث تھا۔انہوں نے گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں اپنی غیر معمولی کامیابی، ریاستی اسمبلی کے رکن سے شہر کے اعلیٰ ترین منصب تک کے سفر اور مختلف برادریوں کو متحد کرنے کی اپنی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور حمایت پر تشکر کا اظہار کیا۔
ظہران ممدانی یکم جنوری 2026 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔استقبالیہ خطاب میں ڈاکٹر اعجاز احمد نے ظہران ممدانی کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور امریکا پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی سمیت پوری پاکستانی نژاد کمیونٹی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے ظہران ممدانی کی جامع سیاست، عوامی رابطوں اور تارکینِ وطن خاندانوں کے لیے ان کی شخصیت کو تحریک قرار دیا۔ امریکا پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی یوتھ وِنگ کے سابق صدر ارسلان اعجاز نے بھی نومنتخب میئر کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں اور ظہران ممدانی کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔








