اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ (یو ڈی ایچ آر) کی منظوری کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ انسانی وقار، بنیادی آزادیوں اور تمام انسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن …
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ (یو ڈی ایچ آر) کی منظوری کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ انسانی وقار، بنیادی آزادیوں اور تمام انسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر وزارت خارجہ سے جاری بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بین الاقوامی ذمہ داریوں اور انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ کے عزم کے تحت متعدد ادارہ جاتی، پالیسی اور قانون سازی سے متعلق خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ قومی کمیشن برائے اقلیتیں ایکٹ 2025 کا نفاذ حکومت کے اس وژن کی ایک اہم پیشرفت ہے جو اقلیتوں کے لئے مؤثر داد رسی کے نظام کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔
انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) کے رکن کے طور پر پاکستان کا حالیہ چھٹی بار انتخاب اس بات کا مظہر ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے عالمی فریم ورک کے مقاصد کے فروغ میں نمایاں خدمات پر بھرپور اعتماد ہے، ہم تمام رکن ممالک کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرنے اور انسانی حقوق کے تمام پہلوؤں بشمول معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق، نیز حقِ ترقی کو اہمیت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ دنیا کے کئی خطوں میں مسلسل غیر ملکی قبضے کے باعث کروڑوں انسان محرومی، ناانصافی اور عزتِ نفس پر حملوں کا سامنا کر رہے ہیں، اس کی نمایاں مثال مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے جہاں زیرِ قبضہ عوام اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا کی لہر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بڑھتے ہوئے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا بہت سے معاشروں میں نفرت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان بلا امتیاز ہر کسی کیلئے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ کے اپنے عزم پر کاربند ہے اور اس سلسلے میں درپیش موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کے حل کے لئے بین الاقوامی تعاون میں اضافے کا منتظر ہے۔








