اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر و تشدد کے برعکس آزاد جموں و کشمیر ترقی، خوشحالی اور کھیلوں کے فروغ کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پاکستان کی شہ رگ آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی …
آزاد جموں و کشمیر میں پی ایس ایل کا میدان سجنے کو تیار، مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے انعقاد کا فیصلہ
اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر و تشدد کے برعکس آزاد جموں و کشمیر ترقی، خوشحالی اور کھیلوں کے فروغ کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پاکستان کی شہ رگ آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل کے روڈ شو کے دوران بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ یہاں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ معیار کے فائیو سٹار ہوٹلز اور ضروری سہولیات پہلے ہی موجود ہیں، جو پی ایس ایل جیسے بڑے ایونٹ کے انعقاد کے لیے موزوں ماحول فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی ایس ایل میچز کے ساتھ ساتھ مستقبل میں دیگر بین الاقوامی کرکٹ مقابلے بھی آزاد جموں و کشمیر میں منعقد کرائے جائیں گے۔پی سی بی کے اس فیصلے کو کھیل، امن اور ترقی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ اقدام جہاں دنیا کو ایک مثبت پیغام دے گا، وہیں آزاد کشمیر میں سیاحت، معیشت اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی پامالی اور سخت پابندیوں کے ماحول کے بالکل برعکس پاکستان آزاد کشمیر میں کھیل کے ذریعے امن کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں خوشگوار کھیلوں کی فضا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر مثبت شناخت دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔









