ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں بہتری سے ڈیجیٹل معیشت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، وفاقی وزیر شزہ فاطمہ کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں بہتری سے ڈیجیٹل معیشت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، جدید ٹیکنالوجی ، کلائوڈ سولوشنز کے فروغ اور مستقبل کی تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نجی ٹیلی کام کمپنی زونگ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار بدھ کو جدید ترین کلاؤڈ انٹیلیجنٹ …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں بہتری سے ڈیجیٹل معیشت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، جدید ٹیکنالوجی ، کلائوڈ سولوشنز کے فروغ اور مستقبل کی تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نجی ٹیلی کام کمپنی زونگ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار بدھ کو جدید ترین کلاؤڈ انٹیلیجنٹ کمپیوٹنگ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

تقریب میں سینئر سرکاری حکام، انڈسٹری کے نمایاں رہنما اور معزز مہمان بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ اس ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان کی تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے، مضبوط اور جدید قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ملک کی اقتصادی ترقی، جدت اور روزگار کے مواقع کے لیے ناگزیر ہے ، ہم ایسے شراکت داروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو حکومت کے وژن کے عین مطابق مسلسل جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کو مربوط اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔

زونگ فورجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوو جن لی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم پاکستان کے ڈیجیٹل وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، زونگ فورجی عالمی معیار کی انفارمیشن سروسز اور تکنیکی جدت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ایک جامع اور موثر ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے قیام میں معاون ثابت ہوں، ہمارے کلاؤڈ انٹیلیجنٹ کمپیوٹنگ سینٹر، مصنوعی ذہانت سے چلنے والا پلیٹ فارم اور کلاؤڈ سولوشنز کی لانچ پاکستان کے ڈیجیٹل خواب کو حقیقت کا روپ دینے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ ہم وفاقی وزیر کی قیادت اور حوصلہ افزائی کے شکر گزار ہیں اور مل کر پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو تیز کریں گے۔

افتتاحی تقریب کے دوران زونگ کی قیادت کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے مظاہرے اور پریزنٹیشنز بھی دی گئیں، جن میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، انٹرنیٹ آف تھنگز اور نیٹ ورک ماڈرنائزیشن کی جدید پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔زونگ فورجی نے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ساتھ قریبی شراکت داری کے ذریعے جدت کو فروغ دینے، ڈیجیٹل رسائی کو وسعت دینے اور پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کو دہرایا ۔

مزید خبریں