وزیر خزانہ محمد اورنگزیب گلوبل ڈویلپمنٹ فنانس کانفرنس مومینٹم 2025 میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب گلوبل ڈویلپمنٹ فنانس کانفرنس مومینٹم 2025 میں شرکت کیلئے بدھ کو سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض روانہ ہو گئے ہیں۔ تین روزہ تقریب نیشنل ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں بین الاقوامی پالیسی سازوں، ترقیاتی اداروں اور مالیاتی ماہرین شرکت کررہے ہیں، کانفرنس کامقصد سعودی …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب گلوبل ڈویلپمنٹ فنانس کانفرنس مومینٹم 2025 میں شرکت کیلئے بدھ کو سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض روانہ ہو گئے ہیں۔ تین روزہ تقریب نیشنل ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں بین الاقوامی پالیسی سازوں، ترقیاتی اداروں اور مالیاتی ماہرین شرکت کررہے ہیں، کانفرنس کامقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق جدید اور تخلیقی مالیاتی ماڈلز کو فروغ دیناہے۔ 120 سے زائد عالمی و علاقائی تنظیموں کے نمائندوں اور 100 سے زیادہ مقررین کی شرکت کے ساتھ یہ کانفرنس ترقی سے متعلق خیالات کو عملی اور اثر انگیز اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے ایک اہم عالمی پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آئی ہے۔

کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب موسمیاتی موزونیت،مواقفیت اورلچک پر اعلیٰ سطح کے سیشن میں شرکت کریں گے، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ ترقی پذیر ممالک کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کامقابلہ کرنے کیلئے درکار سرمایہ کے حصول کے طریقوں کاجائزہ لیں گے۔ وزیر خزانہ سعودی حکام کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں نیشنل ڈویلپمنٹ فنڈ اور وزارتِ خزانہ کی اعلیٰ قیادت شامل ہے۔ ان ملاقاتوں کا محور پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی تعاون کو بڑھانا، ترقیاتی مالیات کے نئے مواقع تلاش کرنا اور ترجیحی شعبوں میں اشتراکِ عمل میں اضافہ کرنا ہوگا۔ سعودی ہم منصبوں سے ان کی گفتگو جاری معاشی اصلاحات کو تقویت دے گی اور سرمایہ کاری و مالی معاونت کے مزید راستے کھولنے کی توقع ہے۔

کانفرنس کے دوران وزیرخزانہ سی این این اور آرآئی اے نووستی سمیت بین الاقوامی میڈیا کے معروف اداروں کو انٹرویوز بھی دیں گے، جن میں وہ پاکستان کی معاشی اصلاحات ، سرمایہ کاری کی صلاحیت اور ترقیاتی مالیات کی ضروریات پر روشنی ڈالیں گے۔ وہ اس بات پر بھی زور دیں گے کہ حکومت پائیدار اور جامع ترقی کو تیز کرنے کے لیے عالمی شراکت داریوں کو متحرک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیرخزانہ چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو بھی ایک انٹرویو دیں گے تاکہ پاکستان کی عالمی سطح پر رسائی کو مزید وسیع کیا جا سکے اور ملک کے بدلتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

وہ دوطرفہ روابط کا جائزہ لینے اور آئندہ اقتصادی سفارت کاری کی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیلئے ریاض میں پاکستان کے سفارتی مشن کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔مومینٹم 2025 میں وزیر خزانہ کی شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان عالمی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ بھرپور روابط قائم رکھنے اور ایک متحرک اور مضبوط مالیاتی ماحولیاتی نظام کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔