اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے قومی عزم کا اعادہ کرنے اور موسمیاتی استحکام، زمین کے ذمہ دارانہ استعمال، سیاحت اور مقامی آبادی کی شمولیت سے مربوط اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلیشیئرز ہمارے آبی نظام اور زندگی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان ماحولیاتی تحفظ کے سفیر بنیں۔ بدھ …
گلیشیئرز ہمارے آبی نظام اور زندگی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان ماحولیاتی تحفظ کے سفیر بنیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے قومی عزم کا اعادہ کرنے اور موسمیاتی استحکام، زمین کے ذمہ دارانہ استعمال، سیاحت اور مقامی آبادی کی شمولیت سے مربوط اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلیشیئرز ہمارے آبی نظام اور زندگی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان ماحولیاتی تحفظ کے سفیر بنیں۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ہم آواز ہو کر آج پہاڑوں کا عالمی دن منا رہا ہے جس کا مقصد متوازن قدرتی ماحول کیلئے ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2025ء میں یہ دن ’’پانی، خوراک اور روزگار کے لئے گلیشیئرز کا پہاڑوں میں اور مجموعی کلیدی کردار‘‘ عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، یہ موضوع پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل اور ان گراں قدر مواقع کی نشاندہی کرتا ہے جو پاکستان کی قدرتی دولت میں پوشیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی ہے کہ پاکستان قدرتی ماحول و حسن اور متنوع موسموں سے مالا مال ہے، پاکستان دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے امتزاج کا مرکز ہے۔ ہمارے پاس سات ہزار سے زائد گلیشیئرز ہیں جن میں سیاچن، بالتورو، بیا فو اور بتورا جیسے دنیا کے بڑےاور غیر معمولی گلیشیئرز شامل ہیں۔ یہ گلیشیئرز ہمارے آبی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے اور دریائے سندھ کے بیسن اور زرعی پیداوار کے لئے پانی فراہم کرتے ہیں۔ پن بجلی کی تیاری میں مددگار اور شمال کی بلندیوں سے لے کر ساحلی میدانی علاقوں تک لاکھوں شہریوں کو پینے کا پانی مہیا کرتے ہیں لیکن یہ بیش قیمت قدرتی خزانہ اب خطرات سے دوچار ہے۔
گلیشیئرز کا تیز پگھلائو، موسمی تغیرات ، گلیشیائی جھیلوں کا پھٹنا اور ماحولیاتی نظام کا بگاڑ جیسے بڑے خطرات آبی ذخائر، خوراک کی پیداوار، حیاتیاتی تنوع اور متعلقہ روزگار کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس قیمتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اپنے قومی عزم کو دہرانے اور اس مقصد کے لیے موسمیاتی استحکام، ذمہ دارانہ زمینی استعمال، سیاحت اور مقامی آبادی کی شمولیت سے مربوط اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس ضمن میں ملکی و ماحولیاتی ادارے اور سیاحتی تنظیمیں مل کر شعور و آگہی میں اضافہ کر رہی ہیں جو باعث اطمینان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پہاڑی مقامی آبادیاں جو اس تاریخی ثقافتی ورثے کی امین ہیں،پہاڑوں کے تحفظ کے مشن کا مرکزی حصہ ہیں۔انہوں نے پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر تمام پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے سفیر بنیں، مل کر یہ یقینی بنائیں کہ پاکستان کے دلکش گلیشیئرز اور عظیم پہاڑی سلسلے آنے والی نسلوں کے لیے بھی اسی طرح بھرپور انداز میں میسر رہیں۔
C








