پاک تیونس سیاسی مشاورت کا چوتھا دو ر ،مختلف شعبوں میں تعاون،دو طرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا، دفتر خارجہ

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور تیونس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور تیونس میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افریقہ) حامد اصغر خان نے کی جبکہ تیونس کے وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل (ایشیا) سلیم گھرانی نے کی۔بات چیت میں دونوں فریقوں نے سیاسی تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلوں، تجارت اور سرمایہ …

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور تیونس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور تیونس میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افریقہ) حامد اصغر خان نے کی جبکہ تیونس کے وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل (ایشیا) سلیم گھرانی نے کی۔بات چیت میں دونوں فریقوں نے سیاسی تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلوں، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی اور سیکورٹی تعاون، تعلیم اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت دو طرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے 2026 میں اسلام آباد میں ہونے والے 10ویں مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے قبل اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وفود نے کثیرالجہتی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم میں باہمی ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ، فلسطین اور شمالی افریقہ کے حالات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افریقہ) نے وزارت خارجہ کے سیکرٹری خارجہ محمد بن عیید سے بھی ملاقات کی۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق پاکستان اور تیونس کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں جن کی خصوصیت باہمی احترام اور قریبی تعاون ہے۔ اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 67 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔