اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ اداروں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف کام کا معیار بہتر ہوتا ہے بلکہ ملازمین میں زیادہ ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ خدمات انجام دینے کا رجحان بھی مضبوط ہوتا ہے۔ وہ گزشتہ روز پشاور میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے علاقائی دفتر میں افسران و عملے کو ایوارڈز …
اعلیٰ کارکردگی پر افسران و عملے کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے، وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ اداروں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف کام کا معیار بہتر ہوتا ہے بلکہ ملازمین میں زیادہ ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ خدمات انجام دینے کا رجحان بھی مضبوط ہوتا ہے۔ وہ گزشتہ روز پشاور میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے علاقائی دفتر میں افسران و عملے کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں پشاور، ایبٹ آباد، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقائی دفاتر کے افسران اور ایوارڈ یافتگان نے شرکت کی۔
وفاقی محتسب نے کہا کہ افسران اور عملے کی محنت اور لگن کی بدولت ادارہ مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کے لیے یہی جذبہ برقرار رکھا جائے تاکہ عام آدمی کا ادارے پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے بتایا کہ رواں سال وفاقی محتسب پاکستان نے 9.46 ارب روپے مالیت کے تنازعات کا فیصلہ کیا جبکہ اب تک دو لاکھ 42 ہزار سے زائد شکایات نمٹائی جا چکی ہیں۔ توقع ہے کہ اس سال شکایات کی مجموعی تعداد اڑھائی لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی محتسب کے ادارے کی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و عملے کو شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا ہے،یہ ایوارڈز مکمل میرٹ اور تسلسل کے ساتھ نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر دیے گئے، اعلیٰ سطحی کمیٹی نے کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سخت معیار مقرر کیے تھے جن میں شکایات کے فیصلوں کی تعداد، کھلی کچہریوں کا انعقاد، وفاقی دفاتر کے معائنے اور ان کے مثبت اثرات جیسے عوامل شامل تھے۔








