قرآن و سنت میں دو سال تک نوزائیدہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا ماں کے دودھ کے فروغ و تحفظ کیلئے مذہبی رہنمائوں کے مشاورتی سیمینار سے خطاب

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن و سنت میں دو سال تک نوزائیدہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت مذہبی امور اور یونیسیف کے زیر اشتراک ماں کے دودھ کے فروغ و تحفظ کے لیے مذہبی رہنمائوں کے مشاورتی سیمینار کی صدارت کے موقع پر کہی۔ ان …

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن و سنت میں دو سال تک نوزائیدہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت مذہبی امور اور یونیسیف کے زیر اشتراک ماں کے دودھ کے فروغ و تحفظ کے لیے مذہبی رہنمائوں کے مشاورتی سیمینار کی صدارت کے موقع پر کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قرآن و حدیث میں ماں کے دودھ پلانے کی اہمیت اور حقوق واضح کیے گئے ہیں، ماں کا دودھ بچوں کی پہلی اور بہترین غذا ہے اور نوزائیدہ کا حق ہے ، ماں کا دودھ بچے کو بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے، احادیث نبویؐ میں ماں کو دودھ پلانے پر اجر و ثواب کی نوید سنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے مذاہب بھی ماں کے دودھ کو ایک مقدس، صحت بخش اور فطری عمل قرار دیتے ہیں، یہ پہلو ہماری مشترکہ انسانی بصیرت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط بناتا ہے، ہمارے ملک کو بچوں کی غذائی قلت، بیماریوں اور نوزائیدہ اموات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

ماہرین اور شواہد کا ایک واضح اور اٹل اتفاق ہے کہ ماں کا دودھ ہی وہ محفوظ، موثر اور قدرتی ذریعہ ہے جو ان مسائل کا بہترین حل فراہم کرتا ہے تاہم غلط فہمیاں، معاشرتی رکاوٹیں اور مصنوعی غذائوں کی غیر ذمہ دارانہ تشہیر دودھ پلانے کے عمل کو متاثر کر رہی ہیں، ایسے میں علماء کرام اور مذہبی رہنمائوں کا کردار انتہائی بنیادی اور فیصلہ کن ہو جاتا ہے، آپ کے ایک خطبے، ایک بیان اور ایک رہنمائی سے لاکھوں گھرانوں کے رویے بدل سکتے ہیں، آپ کی زبان سے نکلا ہوا ایک جملہ قوم کے مستقبل کو نئی سمت دے سکتا ہے۔انہوں نے علماء اور مذہبی رہنمائوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کو ایک تاریخی قدم قرار دیا اور کہا کہ وزارت مذہبی امور اس مقصد کے لیے مکمل تعاون، اشتراک اور سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے، مساجد، مدارس، مذہبی اداروں اور تنظیموں کے ذریعے ایک منظم قومی آگاہی مہم شروع کی جائے گی تاکہ درست معلومات ہر گھر تک پہنچ سکیں۔

اس سے قبل حافظ طاہر اشرفی، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پیر سید چراغ الدین شاہ، علامہ عارف حسین واحدی، سجاد حسین نقوی، پیر ممتاز ضیا نظامی، ڈاکٹر علی طارق، علامہ امین شہیدی، مولانا ہارون الرشید، سمیع اللہ آغا، مولانا تنویر علوی اور دیگر طبی و غذائی ماہرین نے قرآن و سنت کے احکامات اور سائنسی پہلو سے موضوع کی پر زور تائید کی۔ تقریب میں محمد بخش سانگی جوائنٹ سیکرٹری، ملک وارث اعوان ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈاکٹر شاہد الرحمن ڈپٹی ڈائریکٹر قرآن، یونیسیف پاکستان سے ڈاکٹر شرمیلا رسول، ڈپٹی نمائندہ یونیسیف، ارٹینا جی میناس، چیف ماہر غذایت، فہمیدہ خان، جینڈر سپیشلسٹ، ایلنار، چیف سماجی رویوں کی تبدیلی، ڈاکٹر صبا شجاع، مینجر، سلمان غذائی افسر، عظمی بتول، جینڈر سپیشلسٹ بھی شامل تھیں۔

 

مزید خبریں