تاشقند۔12دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے جمعہ کو ازبکستان کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری اور صنعت و تجارت شورخ غلاموف کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں اطراف نے وزیراعظم پاکستان اور ازبکستان کے صدر کے وژن کے مطابق آئندہ دو سالوں میں دو طرفہ تجارت کو 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات …
پاکستان اور ازبکستان کا 2 ارب امریکی ڈالر کے تجارتی ہدف تک پہنچنے کے لئے الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج قائم کرنے پر اتفاق

مزید خبریں
تاشقند۔12دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے جمعہ کو ازبکستان کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری اور صنعت و تجارت شورخ غلاموف کے ساتھ ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں اطراف نے وزیراعظم پاکستان اور ازبکستان کے صدر کے وژن کے مطابق آئندہ دو سالوں میں دو طرفہ تجارت کو 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں موجودہ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کی فوری توسیع پر اتفاق کیا گیا۔ نائب وزیر غلاموف نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ممالک فعال طور پر ایک نمایاں طور پر وسیع مصنوعات کی فہرست کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور توسیع شدہ پی ٹی اے پر بہت جلد باضابطہ مفاہمت متوقع ہے۔
رانا احسان افضل نے دستاویزات کو معیاری بنانے، کسٹم کے طریقہ کار اور معائنہ کے پروٹوکول کو ہم آہنگ کرنے، تاخیر کو کم کرنے ، تجارتی پیشن گوئی کو بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل کنکٹیویٹی قائم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ریئل ٹائم کراس بارڈر ڈیٹا ایکسچینج کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ نائب وزیر غلاموف نے رانا احسان افضل کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور تصدیق کی کہ تکنیکی ٹیمیں پاکستان اور ازبکستان کے متعلقہ حکام کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج (ای ڈی آئی) سسٹم کو فعال کرنے کے لئے تیزی سے کام کر رہی ہیں۔دونوں وزراء نے کاروباری رابطوں کو تیز کرنے اور تجارتی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔








