قومی علماء و مشائخ کانفرنس میں عسکری قیادت سے اظہار یکجہتی، قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):قومی علماء و مشائخ کانفرنس کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے نامور علماء کرام، مشائخ اور مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال، قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ رشیدیہ کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے پاک فوج اور عسکری قیادت سے …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):قومی علماء و مشائخ کانفرنس کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے نامور علماء کرام، مشائخ اور مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال، قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ رشیدیہ کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے پاک فوج اور عسکری قیادت سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن نازک حالات سے گزر رہا ہے، اس میں سیاسی و عسکری قیادت کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور شریعت ہمیں قومی وحدت اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کو اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کے محافظ ہونے کا اعزاز بخشا ہے اور یہ شرف کسی اور فوج کو حاصل نہیں۔

مفتی عبدالرحیم نے مزید کہا کہ افواج پاکستان فتنہ خوارج کے خلاف اولین صف میں ہیں اور اس فتنہ کی سرکوبی کیلئے علماء کرام کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مذہب کے نام پر ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان کو تنبیہ کی کہ پاکستان کے معصوم شہریوں کا خون بہانا اسلام نہیں۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت فوج کرتی ہے جبکہ نظریاتی سرحدیں علماء کے سپرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے لاکھوں طلبہ قومی وحدت اور امن کے پیغام کو عام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے مشکلات کا مقابلہ کیا ہے۔

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ شبیر حسن میثمی نے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’بنیان مرصوص‘‘ کا تصور دنیا میں پاکستان کیلئے عزت و سربلندی کا باعث ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی شدید مذمت کی۔ جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی نام نہاد سیاستدان کو فوج کے خلاف ہرگز بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پیر حسان حسیب الرحمان نے کہا کہ علماء کرام اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے ہر قدم پر ریاست اور افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پاسپورٹ عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے جبکہ ’’پیغام پاکستان‘‘ جیسے قومی بیانیے کو قانون کا حصہ بنا کر دہشت گردی کے خاتمے کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔کانفرنس کے اختتام پر تمام علماء و مشائخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں امن، اتحاد اور استحکام کیلئے ایک موثر قومی بیانیے کے ساتھ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

 

مزید خبریں