اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کےخلاف تسلسل کے ساتھ کارروائیاں ، 712 کنال سے زائد قیمتی سرکاری اراضی واگزار

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کے خلاف گرینڈ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔سی ڈی اے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو سے ملحقہ علاقے میں انسداد تجاوزات آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ اس آپریشن کے دوران …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کے خلاف گرینڈ آپریشن تیزی سے جاری ہے۔سی ڈی اے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو سے ملحقہ علاقے میں انسداد تجاوزات آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ اس آپریشن کے دوران اب تک اربوں روپے مالیت کی 712 کنال سے زائد قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جاری انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران جامع حکمت عملی کے تحت غیر قانونی قابضین سے اراضی کو واگزار کرایا جا رہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ اس گرینڈ آپریشن کی مسلسل نگرانی خود کررہی ہیں جبکہ آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن سے اے ڈی سی جی صاحبزادہ یوسف اور اسلام آباد پولیس سے ایس پی سلیمان بھی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے اور غیر قانونی قابضین کو سرکاری اراضی کو ازخود خالی کرنے کیلئے باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔ اسی طرح آپریشن سے پہلے تمام رہائشیوں کے لیگل کلیمز کا جائزہ لینے کیلئے سائٹ آفس بھی بنایا گیاہے۔ آپریشن سے قبل ازخود غیر قانونی تعمیرات خالی کرنے کیلئے اعلانات بھی کرائے گئے۔

دوران آپریشن متعدد غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو پُرامن انداز میں بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔غیر قانونی اراضی کی سٹامپ پیپرز پر دھوکہ دہی کے ذریعے خرید و فروخت میں شامل افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی جاری ہے۔ اس ضمن میں مقامی افراد سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی کہ وہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا ہےکہ کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوراً اطلاع دیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے مزید کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے مکمل تدارک کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ واگزار کرائی گئی اراضی کو دوبارہ قبضے سے محفوظ بنانے کیلئے طویل المدت اقدامات کئے جائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور منظم منصوبہ بندی کیلئے غیر قانونی قبضوں اور تعمیرات کے کے خلاف کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرہ ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کا بہترین، خوبصورت ترین اور منظم شہر بنانا ہے۔واضح رہے گزشتہ کئی ماہ سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز میں اب تک اسلام آباد بھر میں اربوں روپے کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔

مزید خبریں