آئی بی سی سی نے آرٹس کے طلبہ کو پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ میں رجسٹریشن کی مشروط اجازت دیدی

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے آرٹس گروپ کے طلبہ کے لیے نئے تعلیمی راستے کھول دیئے ہیں۔ کمیشن نے اپنے 183 ویں اجلاس میں متفقہ طور پر سفارشات منظور کیں جن کے تحت آرٹس گروپ کے طلبہ اب ایچ ایس ایس سی پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ یہ فیصلہ ایس ایس سی …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے آرٹس گروپ کے طلبہ کے لیے نئے تعلیمی راستے کھول دیئے ہیں۔

کمیشن نے اپنے 183 ویں اجلاس میں متفقہ طور پر سفارشات منظور کیں جن کے تحت آرٹس گروپ کے طلبہ اب ایچ ایس ایس سی پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ یہ فیصلہ ایس ایس سی کے پہلے سالانہ امتحان 2026 کے بعد سے موثر ہوگا۔

آئی بی سی سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قدم متعلقہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات اور پاکستان انجینئرنگ کونسل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیشنل کریکولم کونسل اور صوبائی کریکولم اتھارٹیز کے موصولہ ردعمل کے بعد اٹھایا گیا۔

فورم نے مزید تجویز کیا کہ تمام بورڈز میں یکسانیت برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے میرٹ کے کم از کم معیار، اہلیت کے ٹیسٹ یا دیگر ضروری اقدامات متعارف کروائیں تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ہر تعلیمی بورڈ اپنے بورڈ آف گورنرز اور مجاز فورمز کی منظوری کے ساتھ کرے گا۔

آئی بی سی سی نے اس فیصلہ سے ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز اور ٹیکنیکل بورڈز کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ فیصلے کی روشنی میں مناسب اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

مزید خبریں