اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں مجوزہ نصاب کی اصلاحات اور اس کی بہتری سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں کی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری وزارتِ تعلیم ندیم محبوب نے کی جبکہ قومی نصاب کونسل (این سی سی)،فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی …
وفاقی وزارتِ تعلیم میں نصاب کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں مجوزہ نصاب کی اصلاحات اور اس کی بہتری سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں کی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت سیکرٹری وزارتِ تعلیم ندیم محبوب نے کی جبکہ قومی نصاب کونسل (این سی سی)،فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای)، انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی)، قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (این آر کے این اے)، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ( اے آئی او یو)، وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای )اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای) کے نمائندوں سمیت ماہرین نصاب نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر قومی نصاب کونسل ڈاکٹر تبسم ناز نے ملک بھر میں منعقد ہونے والی صوبائی مشاورتی نشستوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ صوبوں کی سفارشات کو آئندہ نصاب کی بہتری کے جامع منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے آئندہ مرحلوں جیسے قومی نصاب فریم ورک کو حتمی شکل دینے، ثانوی و اعلیٰ ثانوی جماعتوں کے بنیادی مضامین کی درجہ بندی، اسکیم آف اسٹڈیز پر نظرِ ثانی، اور بین الاقوامی نصاب کانفرنس پر بھی بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ حکمتِ عملی کے مطابق نصاب کی اپ گریڈیشن کا عمل آگے بڑھایا جائے گا جبکہ اس پورے عمل میں وسیع پیمانے پر مضامین کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔
سیکریٹری ندیم محبوب نے اب تک کیے گئے کام پر این سی سی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ نصاب میں بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کا براہ راست تعلق ملک میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے سے ہے۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کے لیے تسلسل اور سنجیدہ محنت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود ہر ماہ پیش رفت کا جائزہ لیں گے جبکہ متعلقہ ٹیمیں باقاعدگی سے منصوبہ بندی کے مطابق اجلاس منعقد کریں۔








