وزیر دفاع خواجہ آصف سے سری لنکا کے ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فری سینی ویراتنے نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر دفاع نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ علاقائی اور …

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فری سینی ویراتنے نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر دفاع نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی تناظر میں دونوں ممالک کو کثیرالجہتی تعاون کے مثبت مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کو ایک اہم علاقائی ملک سمجھتا ہے جو خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے موثر کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان سری لنکا کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا مکمل احترام اور حمایت کرتا ہے۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی حالیہ بروقت انسانی امداد اور تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں