رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع

مظفر آباد۔ 15 دسمبر (اے پی پی):آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے زیرِ اہتمام رئیس الاحرار، قائد ملت چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع ہوں گی جن کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مسلم کانفرنس کے صدر کی ہدایت پر آج پارٹی کارکنان مسلم کانفرنس کے سابق صدور اور جنرل سیکرٹریز کی قبور پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے …

مظفر آباد۔ 15 دسمبر (اے پی پی):آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے زیرِ اہتمام رئیس الاحرار، قائد ملت چوہدری غلام عباس کی 58ویں برسی کی تین روزہ تقریبات آج سے شروع ہوں گی جن کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مسلم کانفرنس کے صدر کی ہدایت پر آج پارٹی کارکنان مسلم کانفرنس کے سابق صدور اور جنرل سیکرٹریز کی قبور پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

17 دسمبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک قائد ملت کے مزار فیض آباد مظفرآباد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ 18 دسمبر کو صبح 10 بجے آزاد کشمیر پولیس کا چاک و چوبند دستہ مزارِ قائد ملت پر سلامی پیش کرے گا جس کے بعد جلسۂ عام منعقد ہوگا جس سے آزاد کشمیر اور پاکستان کے قومی قائدین خطاب کریں گے۔

برسی کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے لیے حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن، کشمیر لبریشن سیل اور محکمہ اطلاعات کے مابین باہمی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ مسلم کانفرنس کے زیرِ اہتمام برسی کے موقع پر پارٹی کے دیگر شہداء اور مرحوم رہنماؤں کے مزارات اور قبور پر بھی آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں پارٹی عہدیداران و کارکنان چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔

ان میں آزاد کشمیر کے مختلف ڈویژنز سمیت اسلام آباد، راولپنڈی اور مقبوضہ کشمیر میں واقع مسلم کانفرنس کے سابق صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر رہنماؤں کے مزارات شامل ہیں۔ پارٹی قیادت کے مطابق ان تقریبات کا مقصد قائد ملت چوہدری غلام عباس اور تحریکِ آزادی کشمیر کے دیگر رہنماؤں کی جدوجہد اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔