تماشا اور نکتہ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری، تماشا 2025 کی صف اول کی ٹیک اصطلاحات میں شامل

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):جاز کے ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم تماشا اور ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم نکتہ کے درمیان ایک سٹریٹجک شراکت داری طے پا گئی ہےجس کا مقصد معتبر حالاتِ حاضرہ کے مواد کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے زیادہ ناظرین تک پہنچانا ہے۔ دونوں اداروں کے مطابق یہ تعاون پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے بدلتے ہوئے منظرنامہ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):جاز کے ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم تماشا اور ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم نکتہ کے درمیان ایک سٹریٹجک شراکت داری طے پا گئی ہےجس کا مقصد معتبر حالاتِ حاضرہ کے مواد کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے زیادہ ناظرین تک پہنچانا ہے۔ دونوں اداروں کے مطابق یہ تعاون پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے بدلتے ہوئے منظرنامہ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں دستخطی تقریب حال ہی میں جاز ورلڈ ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں جاز، تماشا اور نکتہ کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔اس معاہدے کے تحت نکتہ کا معروف حالاتِ حاضرہ کا پروگرام ’آن مائی ریڈار‘ جس کی میزبانی سینئر صحافی کامران خان کرتے ہیں، اب تماشا پلیٹ فارم پر بھی دستیاب ہو گا۔ پروگرام کی نئی اقساط پیر سے جمعہ تک رات 10 بجے نشر کی جائیں گی۔

اس پروگرام میں ملکی و عالمی امور، سیاست، معیشت اور پالیسی معاملات پر تجزیہ پیش کیا جاتا ہے۔ 32 ملین ماہانہ فعال صارفین کے ساتھ، تماشا اس پروگرام کو اپنی ڈیجیٹل رسائی اور تکنیکی صلاحیتوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچانے میں معاونت فراہم کرے گا۔ دونوں ادارے مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں اور مواد کے تبادلے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

جاز میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے صدر عامر اعجاز نے کہا کہ تماشا، پاکستان کا سب سے بڑا مقامی ڈیجیٹل تفریحی پلیٹ فارم، لاکھوں ناظرین کو معتبر اور دلچسپ مواد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ تماشا کی رسائی کو نکتہ کی اعلیٰ معیار کی صحافت کے ساتھ جوڑ کر ہم ڈیجیٹل نیوز کے ماحول کو مضبوط بنا رہے ہیں اور ناظرین تک کرنٹ افیئر پروگرامز کو آسان، قابل رسائی اور پائیدار انداز میں پہنچا رہے ہیں۔

نکتہ کے چیف آپریٹنگ آفیسر فیضان کامران خان نے کہا کہ نکتہ اس یقین پر قائم ہے کہ پاکستان کو مضبوط اور آزاد ڈیجیٹل صحافت کی ضرورت ہے۔ ‘آن مائی ریڈار’ کے دو ملین موجودہ ناظرین کے ساتھ، تماشا کے ساتھ یہ شراکت داری ملک بھر میں لاکھوں مزید ناظرین تک کامران خان کے تجزیے پہنچانے میں مدد دے گی۔

تماشا کی نشر کرنے کی صلاحیت اور ہماری صحافتی مہارت کے ساتھ یہ تعاون پاکستان میں خبروں کے ڈیجیٹل استعمال کے انداز کو بدلنے میں اہم ثابت ہوگا۔2025 میں گوگل کی "ایئر ان سرچ” رپورٹ کے مطابق تماشا پاکستان میں دوسری سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ٹیکنالوجی اصطلاح بن گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تماشا نے کئی بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا ہے۔تماشا کی مقبولیت کی وجہ اس کا پاکستان کے سب سے متنوع ڈیجیٹل تفریحی پلیٹ فارمز میں شامل ہونا ہے۔ پاکستان سپر لیگ اور اہم بین الاقوامی کرکٹ میچز کی خصوصی نشریات نے ناظرین کی تعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ لائیو ٹی وی، ڈرامے، نیوز پروگرامز اور خصوصی تقریبات نے تماشا کے اثر کو مزید بڑھایا۔

اس کھیل اور تفریحی مواد کے امتزاج نے تماشا کو ملک بھر میں لاکھوں ناظرین کے لئے اولین پلیٹ فارم بنا دیا ہے۔یہ دوسرا موقع ہے کہ تماشا نے یہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔ 2023 میں بھی تماشا پاکستان کی دوسری سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ٹیکنالوجی ٹرم قرار پایا تھا جو اس کے ملک کے معروف اور تیزی سے وسیع ہوتے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔