صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجک سفیر شریف زادہ یوسف توہیر کی ملاقات

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے پاکستان میں سفیر شریف زادہ یوسف توہیر نے منگل کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔اس موقع پر صدرِ مملکت نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط اور ہمہ جہت تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1992 میں تاجکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے پاکستان میں سفیر شریف زادہ یوسف توہیر نے منگل کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔اس موقع پر صدرِ مملکت نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط اور ہمہ جہت تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1992 میں تاجکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معاشی تعاون، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بتدریج فروغ پا رہا ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلے دونوں ممالک کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ایک مستحکم فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

تاجکستان کو وسطی ایشیا کے لئے ایک پل قرار دیتے ہوئے صدرِ مملکت نے علاقائی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور براہِ راست پروازوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ سڑک اور ریل رابطوں میں بہتری کے لئے کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔

صدرِ مملکت نے بالخصوص توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا اور کاسا-1000 منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لئے ثقافتی تعاون میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس ضمن میں انہوں نے 2027 میں علامہ اقبال کے 150ویں یومِ پیدائش کو مشترکہ طور پر منانے کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ علامہ اقبال اور ان کا کلام تاجکستان میں بڑے پیمانے پر پسند کیا جاتا ہے۔