پاکستان بحرین سے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے ، صدر مملکت آصف علی زرداری کی بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر سے گفتگو

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان بحرین سے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور وہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کی جانے والی …

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان بحرین سے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور وہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کوایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے حالیہ دورہ بحرین کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم کی پرتپاک میزبانی اور شاندار استقبال دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے یاد دلایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرینی قیادت بشمول شاہ بحرین، شاہی ولی عہد اور نائب ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان ان کی میزبانی کرنے کا منتظر ہے۔

انہوں نے شاہ بحرین کی جانب سے پاکستان کے دورے کی دعوت کو قبول کرنے کو سراہا۔صدر مملکت نے بحرین کو 2026-2027 کی مدت کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے بعد بحرین کی جانب سے اظہار یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ صدر نے اقتصادی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو فوڈ سکیورٹی، آئی ٹی اور سیاحت سمیت ترجیحی شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ صدر مملکت نے بحرین میں پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے بحرین کی معیشت میں ان کے مثبت کردار اور ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان کی مدد کرنے میں ان کے کردار کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو عزت اور مواقع فراہم کرنے پر بحرین کی حکومت اور پاکستانی قیدیوں کی معافی پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔